پاکستان اور بھارت کے کھلاڑی اپنے ملکوں کی نمائندگی کرتے ہوئے ایک دوسرے کے خلاف سخت حریف بن کر سامنے آتے ہیں لیکن کیا آپ تصور کرسکتے ہیں کہ ان دونوں ملکوں کے کھلاڑی اب کئی سال بعد ایک ٹیم میں ساتھ کھیلتے نظر آئیں؟
سوچیں کرکٹ شائقین کے لیے وہ کتناحیران کن لمحہ ہوگا اگر جب پاکستان کے بابر اعظم، شاہین آفریدی بھارت کے ویرات کوہلی اور بمرا ایک ہی ٹیم سے کھیل رہے ہوں۔
کرکٹ شائقین کا پاک بھارت کھلاڑیوں کا ایک ہی ٹیم میں کھیلنے کا یہ خواب جلد پورا ہوسکتا ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق کرکٹ کے حلقوں سے ایک اہم پیش رفت سامنے آرہی ہے کہ مشہور کرکٹ ٹورنامنٹ ’افرو ایشیا کپ‘ کو ایک بار پھر سے شروع کرنے کی بات چیت شروع ہورہی ہے۔
جیو نیوز کے مطابق افرو ایشیا کپ کیا ہے تو ان کو بتاتے چلیں کہ سال 2005 اور 2007 میں یہ ٹورنامنٹ کھیلا گیا تھا جس میں 2 ٹیمیں( ایشیا الیون اور افریقا الیون) شامل تھیں۔
اس ٹورنامنٹ کے 2 کامیاب ایڈیشنز کے بعد پاکستان اور بھارت کے درمیان سیاسی کشیدگی کی وجہ سے یہ ٹورنامنٹ جاری نہیں رہ سکا۔
تاہم بھارتی میڈیا کے مطابق رواں سال دسمبر میں جے شاہ کے آئی سی سی کے نئے چیئرمین بننے کے ساتھ اس افرو ایشیا کپ ٹورنامنٹ کو دوبارہ شروع کیے جانے کا امکان ہے۔ بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ ایفرو ایشیا کپ کا نیا سیزن ٹی ٹونٹی فارمیٹ میں منعقد ہوسکتا ہے۔
اگر اس ٹورنامنٹ کو دوبارہ شروع کرنے کے حوالے سے حتمی فیصلہ ہوجاتا ہے تو ممکنہ طور پر 2025 میں دنیائے کرکٹ ایک ایسا لمحہ دیکھے گی جو اس سے پہلے کبھی نہیں ہوگا۔
اگر یہ ٹورنامنٹ دوبارہ شروع ہوتا ہے تو شائقین کو پاکستان اور بھارت کے کھلاڑی ایک ٹیم میں کھیلتے نظر آئیں گے اور پھر ممکنہ طور پر بابر اور کوہلی کو فینز ایک ٹیم میں کھیلتا دیکھ سکیں گے۔