کراچی :آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی میں ثقافتی سرگرمیوں کا باقاعدہ آغاز ، صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے عوامی تھیٹر فیسٹیول کی تاریخ کا اعلان کردیا۔
پہلا ’’عوامی تھیٹرفیسٹیول‘‘18 ستمبر 2020ء کو رات 8بجے پیش کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے کراچی آرٹس کونسل میں منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہاکہ ’’عوامی تھیٹر فیسٹیول‘‘ کے ڈراموں میں دکھایا جائے گا کہ پاکستان کو کیسا ہونا چاہیے، تمام زبان کے بولنے والوں کو اکٹھا کرنے کوشش کی ہے،پچھلی مرتبہ بھی تمام فیملی ڈرامے تھے جس کو خوب پذیرائی ملی، اس مرتبہ ’’عوامی تھیٹرفیسٹیول‘‘ منفرد انداز کا ہوگا، اس مرتبہ فنکاروں کے لیے دوگنا پیکیج رکھا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ خاص بات یہ ہے کہ ڈراموں میں سیکنڈ اور تھرڈ جنریشن بھی میدان میں آگئی ہے، آرٹس کونسل کراچی کا مقصد لاک ڈاؤن کی وجہ سے پریشان فنکاروں کو سپورٹ کرنا ہے ، آرٹس کونسل کراچی فنکاروں کے ساتھ میک اَپ آرٹسٹ، سیٹ اور لائٹس سمیت ہر چیز میں تعاون کررہا ہے۔
احمد شاہ نے مزید کہا کہ 6ماہ سے جو صورتحال رہی اس سے سب واقف ہی ہیں، لوگ ڈپریشن کا شکار رہے، لاک ڈاؤن کے دوران آرٹس کونسل کراچی نے راشن اور نقد رقم کے ذریعے بہت سے ضرورت مند لوگوں کی امداد کی مگر اب ہم چاہتے ہیں کہ لوگ آرٹس کونسل کراچی سے اپنے چہروں پر خوشی لے کر جائیں۔
معروف اداکار طلعت حسین نے کہاکہ انگلستان، روس اور فرانس تک آرٹس کونسل کے چرچے ہیں، احمد شاہ نے چند سالوں میں آرٹس کونسل کے لیے جو کام کیا وہ سب کے سامنے ہے، ہمیں اور آپ لوگوں کو مل کر آرٹس کونسل کے ساتھ تعاون کرنا چاہیے۔
سیکریٹری آرٹس کونسل اعجاز احمد فاروقی نے کہاکہ آرٹس کونسل آرٹسٹوں کے دم سے ہے۔ ’’عوامی تھیٹر فیسٹیول’’18ستمبرکو شروع ہوگا اور4اکتوبر2020ء تک جاری رہے گا جس میں ممبران کا داخلہ فری ہوگا۔
تھیٹر میں خالہ خیالوں میں، ایسا بھی ہوتا ہے، بہو ہو بہو، نوچانس، تگڑم، کھٹی آئیو خیرساں، ادھورے خواب، مسٹر کراچی، دنیا دونمبری، جوڑی نمبرون، گھبرائیں جو نائے، اوپرا، شرارت، میراویاکراؤ، ہوا کی چیخ، شادی نہ کرنا یارو، بیٹی رانی اور یہی سچ ہے شامل ہیں۔
مزید پڑھیں: اداکارہ ہانیہ عامر کی نئی تصاویر پر سوشل میڈیا صارفین کی تنقید جاری