چیمپئنز ٹرافی کے چوتھے میچ میں آسٹریلیا نے انگلینڈ کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر ایونٹ کا فاتحانہ آغاز کردیا جبکہ کینگروز نے 352 رنز کا ہدف 5 وکٹوں کے نقصان پر 48 ویں اوور میں حاصل کرکے نئی تاریخ رقم کردی۔
لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے چیمپیئنز ٹرافی کے گروپ بی کے دوسرے میچ میں انگلینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے بین ڈکٹ کی 165 رنز کی شاندار اننگز کی بدولت مقررہ 50 اوورز میں چیمپئنز ٹرافی کی تاریخ کا سب سے بڑا اسکور 351 رنز بنایا۔
آسٹریلیا نے جوش انگلس کی شاندار سینچری کی بدولت 2 اوورز پہلے ہی 5 وکٹ کے نقصان پر مطلوبہ ہدف حاصل کرکے نئی تاریخ رقم کردی۔
بین ڈکٹ نے نہ صرف اپنی ٹیم کو اچھا ہدف فراہم کرنے میں مدد کی بلکہ انہوں نے چیمپئنز ٹرافی کی تاریخ کا سب سے بڑا اسکور بنانے کا ریکارڈ بھی اپنے نام کرلیا۔
اس سے پہلے یہ ریکارڈ نیوزی لینڈ کے سابق کھلاڑی نیتھن ایسٹل اور زمبابوے کے اینڈی فلاور کے پاس تھا جنہوں نے بالترتیب 2004 اور 2002 میں ، 145 145 رنز بناکر قائم کیا تھا۔