غزہ پر دوسرے دن بھی حملے جاری، امریکا کا اسرائیل کی حمایت کا اعلان

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

اسرائیلی لڑاکا طیاروں کی جانب سے غزہ میں دوسرے دن بھی بمباری جاری ہے جس کے نتیجے میں شہداء کی تعداد 15 ہوگئی جبکہ 79 افراد زخمی ہیں۔

اسرائیل کی جانب سے غزہ پٹی میں مختلف رہائشی عمارتوں کو نشانہ بنایا جارہا ہے، غزہ میں محکمہ صحت کے حکام نے کہا ہے کہ شہداء میں ایک پانچ سالہ بچی اور 23 سالہ لڑکی بھی شامل ہیں۔

حماس کے ترجمان فوزی برہعوم نے کہا ہے کہ اسرائیلی نے غزہ کے خلاف جنگ شروع کرکے ایک نئے جرم کا ارتکاب کیا ہے جس کی اسے قیمت چکانا ہوگی۔

اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے جمعہ کو غزہ پر فضائی حملوں میں 15 افراد کو ہلاک کیا ہے، فوج کا کہنا تھا کہ اسلامی جہاد کے خلاف اس کا آپریشن ابھی ختم نہیں ہوا۔

دوسری جانب اسرائیلی بمباری کے جواب میں فلسطینی مزاحمت کاروں نے اسرائیل پر راکٹوں کی بارش کردی جس کے نتیجے میں صیہونی شہریوں نے بڑے پیمانے پر نقل مکانی شروع کردی، راکٹوں سے بچنے کے لیے بھگدڑ کے دوران 4 اسرائیلی زخمی ہوئے ہیں۔

امریکا نے کھلی جارحیت کے باوجود اسرائیل کیساتھ کھڑے رہنے کا اعلان کردیا، وائٹ ہاؤس میں قومی سلامتی کونسل کے ترجمان جان کربی نے کہا امریکا اسرائیل کے ساتھ کھڑا ہے اور اسی طرح کھڑا رہے گا، ہم اسرائیل کے حق دفاع کی حمایت کرتے ہیں۔

ادھر عرب پارلیمنٹ نے غزہ پر اسرائیلی جارحیت کی مذمت کرتے ہوئے اسے بین الاقوامی قوانین، اقوام متحدہ کے چارٹر اور عالمی معاہدوں کی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔

Related Posts