راجستھان: بھارت میں جونیئر نیشنل گیمز کی گولڈ میڈلسٹ 17 سالہ پاور لفٹر یشتیکا اچاریہ ٹریننگ کے دوران پیش آنے والے افسوسناک حادثے میں ہلاک ہوگئیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ ریاست راجستھان کے ضلع بیکانیر کے ایک جم میں پیش آیا، جہاں یشتیکا اچاریہ ٹریننگ کر رہی تھیں۔ مشق کے دوران 270 کلوگرام وزنی راڈ اچانک ان کی گردن پر آگری، جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوگئیں۔
حادثے کے فوراً بعد یشتیکا کو قریبی اسپتال منتقل کیا گیا، مگر ڈاکٹروں نے ان کی موت کی تصدیق کردی۔
پولیس حکام کے مطابق واقعے کے وقت یشتیکا کا ٹرینر بھی موجود تھا اور وہی انہیں مشق کروا رہا تھا۔ تربیت کے دوران وزنی راڈ ٹرینر کے ہاتھ سے پھسل کر یشتیکا کی گردن پر گری، جس سے ان کی گردن ٹوٹ گئی۔ حادثے میں ٹرینر کو بھی معمولی چوٹیں آئیں، تاہم وہ محفوظ رہے۔
یشتیکا اچاریہ نے جونیئر نیشنل گیمز میں پاور لفٹنگ کے مقابلے میں گولڈ میڈل حاصل کیا تھا اور مستقبل میں بین الاقوامی مقابلوں میں بھارت کی نمائندگی کی خواہشمند تھیں۔ ان کی ناگہانی موت پر کھیلوں سے وابستہ افراد اور مداحوں نے شدید افسوس کا اظہار کیا ہے۔