اسلام آباد کی احتساب عدالت نے پاکستان پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری کو رہا کردیا گیا ۔
آصف زرداری کی جانب سے ایک ایک کروڑ روپے کے دو ضمانتی مچلکے آج احتساب عدالت میں جمع کرائےگئے جس کے بعد احتساب عدالت نے ضمانتی مچلکے منظور کرتے ہوئے سابق صدر کی رہائی کےلئے روبکار جاری کئے۔
سابق صدر کی جانب سے رب نواز اور سردار توقیر نے عدالت میں بطور ضامن ایک، ایک کروڑ روپے کے مچلکے داخل کرائے جب کہ راجہ صابر اور راجہ زاہد نے ضمانتی مچلکوں سے متعلق گواہی دی۔
منی لانڈرنگ اور پارک لین کیسز میں آصف زرداری کی الگ الگ روبکاریں جاری کی گئیں۔ ضمانتی مچلکے جمع کروانے کے بعد سابق صدر کی رہائی کیلئے روبکاریں سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو بھی بھجوائی گئیں۔
اس موقع پر جج احتساب عدالت محمد اعظم خان نے پوچھا کہ آپ کو معلوم ہے کہ کس کیس میں ضامن بن رہے ہیں، جس پر رب نواز نے جواب دیا کہ جی معلوم ہے،جس کے بعد احتساب عدالت کے جج محمد اعظم خان نے آصف زرداری کی رہائی کی روبکار سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کے نام پر جاری کی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد ہائیکورٹ نے جعلی بینک اکاؤنٹس اور منی لانڈرنگ کیس میں سابق صدر آصف زرداری کی طبی بنیادوں پر ضمانت منظور کرتے ہوئے ایک کروڑ روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں:اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق صدر آصف علی زرداری کی ضمانت منظور کر لی