اسلام آباد:وفاقی وزیرِ منصوبہ بندی و ترقیات اسد عمر نے عوام کو کورونا ایس او پیز پر خوشخبری سناتے ہوئے کہا ہے کہ لاک ڈاؤن میں مزید سختی نہیں کی جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے سربراہ اسد عمر نے کہا کہ ملک بھر میں نافذ کیے گئے اسمارٹ لاک ڈاؤن میں مزید سختی نہیں ہوگی۔
وفاقی وزیرِ منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا کہ کورونا وائرس کی روک تھام کیلئے ایس او پیز کا نفاذ عمل میں لایا گیا ہے۔ ملک بھر میں عوام کی حفاظت کے پیشِ نظر تمام جلسے جلوسوں اور سیاسی، مذہبی و ثقافتی اجتماعات پر مکمل پابندی عائد ہے۔
وزیرِ منصوبہ بندی اسد عمر نے فرقہ وارانہ بنیادوں پر فیصلہ سازی کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے کسی کیلئے الگ سے فیصلے نہیں کیے۔ تراویح اور نماز کیلئے جو ایس او پیز ہیں، مجالس کیلئے بھی وہی ہیں۔
این سی او سی کی جاری کردہ ہدایات کے مطابق رمضان المبارک کے دوران کورونا علامات ظاہر ہونے پر مسجد کی بجائے گھر میں اعتکاف کیا جاسکتا ہے۔ معتکفین کو مسجد میں بستر سمیت دیگر سامان گھر سے لانے کی ہدایت کردی گئی۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کی روک تھام کیلئے معتکفین اور عام روزہ داروں کو مشترکہ سحر و افطار اور ہر قسم کے اجتماعات سے گریز کی ہدایت کی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: کورونا کے 4 ہزار 213 نئے کیسز رپورٹ، 79 مزید شہری جاں بحق