راولپنڈی: پاک فوج کی اعلیٰ قیادت نے پاک فوج کے سپہ سالار کی زیر صدارت کورکمانڈرز کانفرنس میں معیشت کی بحالی کے لیے حکومت کو ہر ممکن معاونت فراہم کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
آئی ایس پی آر کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر کی زیر صدارت جی ایچ کیو میں 258ویں کور کمانڈرز کانفرنس منعقد ہوئی۔
فورم کو حکومت کے اقتصادی بحالی کے منصوبے اور خصوصا نئی تشکیل دی جانے والی فیسلیٹیشن کونسل، زراعت، کان کنی، معدنیات اور دفاعی پیداوار کے شعبوں میں فوج کے کردار کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا۔
اس موقع پر فورم نے دہشت گردی کے خطرے کے خلاف مادر وطن کے دفاع میں بہادر سپاہیوں کی مسلسل قربانیوں کو زبردست خراج تحسین پیش کیا جبکہ کانفرنس میں شرکا کو داخلہ سلامتی کی موجودہ صورت حال پر بریفنگ بھی دی گئی۔
258ویں کور کمانڈرز کانفرنس کے شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت پاکستان کی جانب سے معیشت کی بحالی کے لیے منصوبہ بندی اور حکمت عملی کے اقدامات پر ہر ممکن تکنیکی اور انتظامی معاونت فراہم کی جائے گی۔
سپہ سالار کا کہنا تھا کہ معروضی تربیت ہماری پیشہ وارانہ مہارت کا خاصہ ہے اور ہمیں اپنی قومی سلامتی کو لاحق کسی بھی خطرے سے نمٹنے کے لیے ہمیشہ تیار رہنا چاہیے۔
مزید پڑھیں:لاہور ہائیکورٹ، زرعی مقاصد کیلئے فوج کو اراضی دینے سے روکنے کا حکم معطل
آئی ایس پی آر کے مطابق کالعدم ٹی ٹی پی اور اس کے دیگر گروہوں کے دہشت گردوں کو پڑوسی ملک میں محفوظ پناہ گاہیں اور کارروائی کی آزادی اور دہشت گردوں کو جدید ترین ہتھیاروں کی دستیابی پر افسوس کا اظہار کیا گیا جبکہ پاک فوج کی آپریشنل تیاریوں اور تربیتی پہلوؤں پر بھی تفصیل سے غور کیا گیا۔