رسالپور: چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات نے کہا ہے کہ پاکستان ایک ذمہ دار جوہری طاقت ہے، پاکستان تخفیف اسلحہ کی عالمی پالیسی پر عمل پیرا ہے، بھارت جوہری معاملات میں خطرناک تبدیلیاں لا رہا ہے جس کے بارے میں مکمل طورپر آگاہ ہیں۔
چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف جنرل زبیر محمود کا رسالپور میں پاسنگ آؤٹ پریڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پاکستان امن کا خواہاں ہے، ہماری خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے، خون کے آخری قطرے تک ملک کا دفاع یقینی بنائیں گے، بھارت میں نسلی اور مذہبی امتیاز کو فروغ دیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت جوہری معاملات میں خطرناک تبدیلیاں لا رہا ہے جس کے بارے میں مکمل طورپر آگاہ ہیں، ان جوہری تبدیلیوں میں فورسز کی تعیناتی، بیلسٹک میزائل ڈیفنس کی تیاری اور ان کی تنصیب، اینٹی سیٹلائٹ ٹیسٹ شامل ہیں، پاکستان امن کا خواہاں ہیں لیکن ہماری خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے، پاکستان کے پاس جواب دینے کے لیے بااعتماد تزویراتی حکمت عملی ہے جو نیشنل کمانڈ اتھارٹی کو تمام ممکنہ اپشنز فراہم کرتی ہے اس لیے بہتر ہے کہ امن کی بحالی پر توجہ دی جائے۔
جنرل زبیر محمود حیات کا کہنا تھا کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن مقبوضہ کشمیر کے حل سے مشروط ہے، مسئلہ کشمیر کا حل کشمیریوں کی امنگوں اور اقوام متحدہ کی قرارداد کے مطابق نکلا جائے، پاکستان مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے بھارتی اقدام کو یکسر مسترد کرتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ کشمیر میں بھارتی فورسز کے غیر انسانی سلوک کی مذمت کرتے ہیں اور وادی میں 60 دن سے زائد جاری کرفیو اور مواصلات پر پابندی انسانی شعور کے لیے ناقابل یقین ہے اور انسانی حقوق کی خلاف کھلی وزری ہے۔
جنرل زبیر محمود حیات نے کہا کہ قوم کو پاک فضائیہ پر فخر ہے، پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اہم کردار ادا کیا، دہشت گردی کےخلاف جنگ میں کامیابیوں سےملک میں امن قائم ہوا۔
رسالپور پی اے ایف اکیڈمی اصغر خان میں پاسنگ آوٹ پریڈ کی تقریب منعقد ہوئی، تقریب کے مہمان خصوصی چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف جنرل زبیر محمود حیات تھے۔ ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان نے مہمان خصوصی کا استقبال کیا، مہمان خصوصی جنرل زبیر محمود حیات نے پریڈ دستوں کا معائنہ کیا۔