پشاور: کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کا کہنا ہے کہ دہشتگردی کے ناسورکوختم کرنے کے لئے پر عزم ہیں، امن وامان کویقینی بنانے اور دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنانے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔
ذرائع کے مطابق کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید،گورنر خیبرپختونخوا شاہ فرمان، وزیر اعلیٰ محمود خان نے قصہ خوانی بازار میں خودکش حملے کا نشانہ بننے والی جامع مسجد کی جگہ کا دورہ کیا، اس موقع پر انہوں نے رہنماؤں سے تعزیت کی اور اظہار ہمدردی کیا۔
گورنر خیبرپختونخوا شاہ فرمان کا اس موقع پر کہنا تھا کہ اس طرح کے واقعات کے پیچھے دشمن کے مقاصد کو سمجھنا ہوگا، دشمن کے ناپاک عزائم ناکام بنانے کیلئے اتحاد واتفاق کا مظاہرہ کرنا ہوگا،انہوں نے کہا کہ واقعہ انتہائی افسوسناک اورقومی اتحاد واتفاق کو خراب کرنے کی کوشش ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج یہاں آنے کا مقصد شہداء کے لئے فاتحہ خوانی کرنا ہے، اُن کا کہنا تھا کہ یہ ایک مشکل جنگ ہے لیکن ہم مل جل کر لڑیں گے تو کامیاب ہونگے،اس سانحے میں جو نقصان ہوا اس کا ازالہ نہیں ہوسکتا، واقعے کے مجرمان کو ہر صورت کیفر کردار تک پہنچائیں گے۔
کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید نے کہا کہ تمام اداروں کے درمیان کوآرڈینیشن مزید بہتربنائی جارہی ہے، دہشتگردی کے اس ناسور کو ختم کرنے کے لئے پر عزم ہیں۔
بعد ازاں کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید نے لیڈی ریڈنگ ہسپتال کا دورہ کیا اور خودکش حملے کے نتیجے میں زخمی ہونے والوں کی عیادت کی۔
مزید پڑھیں: پشاور دھماکے میں شہادتیں 62 ہوگئیں، دہشت گردوں کے دو سہولت کار گرفتار