معروف اداکارہ ارچنا پورن سنگھ کا تعلق بالی ووڈ سے ہے جو درجنوں فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھا چکیں، تاہم حال ہی میں اداکارہ نے یہ کہہ کر کپل شرما کا دفاع کیا کہ کامیڈی کا مطلب ہی غیر متعلقہ ہونا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ارچنا پورن سنگھ نے جب سے کپل شرما کے شو میں نوجوت سنگھ سدھو کی جگہ سنبھالی ہے، عوام کی بڑی تعداد انہیں اس روپ میں بھی پسند کرنے لگی۔ ارچنا کا کہنا ہے کہ کپل شرما مذاق اڑائے تو اس کا برا نہیں مانتی۔
اسلام آباد میں 14سالہ لڑکی پر تشدد، سجل خاموش نہ رہ سکیں
بطور کامیڈین کپل شرما نے اپنے شو میں موجود ہر اداکار کا مذاق اڑا کر ہی شہرت حاصل کی ہے۔ بھارتی میڈیا کو دئیے گئے حالیہ انٹرویو میں ارچنا پورن سنگھ نے کہا کہ کامیڈی کا مطلب ہی غیر متعلقہ ہونا ہے کیونکہ ہنسانا ذات سے بڑھ کر ہوتا ہے۔
اداکارہ ارچنا سنگھ نے کہا کہ کامیڈی میں کچھ چیزوں کو بڑھا چڑھا کر پیش کیا جاتا ہے جس پر لوگ ہنستے ہیں اور اس کا مقصد مزاح پیدا کرنا ہوتا ہے۔ اس کا یہ مطلب نہیں کہ کسی کی دلآزاری کی جائے۔ کپل شرما شو بھی ایک کامیڈی پلیٹ فارم ہے۔
ارچنا سنگھ نے کپل شرما شو میں اپنا مذاق اڑائے جانے کے حوالے سے ردِ عمل دیتے ہوئے کہا کہ ”اس کامیڈی شو میں ایسی کوئی بات نہیں کی جاتی جسے سنجیدہ لیا جائے۔“ یعنی کپل شرما کے مذاق اڑانے کو بھی مزاح پیدا کرنے کی کوشش سے زیادہ کچھ نہ سمجھا جائے۔