پاکستان سمیت دنیا بھر میں شوبز انڈسٹری کے بعد سوشل میڈیا نے اپنا سکہ جمادیا ہے اور پوری دنیا میں سوشل میڈیا صارفین بھی اسٹار بنتے جارہے ہیں۔
پاکستا ن میں ٹک ٹاک نے لاتعداد مشہور شخصیات کو جنم دیا ۔ ایسا ہی ایک نام اقصیٰ کینجھرلیلیٰ جمالی ہے جو اپنے نام کی طرح ایک منفرد شخصیت کی مالک اور پہلی سندھی ٹک ٹاکر ہیں۔
ایم ایم نیوز نے اقصیٰ کینجھرلیلیٰ جمالی کے ساتھ ایک خصوصی نشست کا اہتمام کیا جس کا احوال پیش خدمت ہے۔
ایم ایم نیوز:آپ کا منفرد سا نام کس نے تجویز کیا اور اس کا مطلب کیا ہے؟
اقصیٰ کینجھرلیلیٰ جمالی: میرے والد کی دادی کا نام کینجھرلیلیٰ تھااور میرے دادا نے میرا نام کینجھرلیلیٰ رکھا لیکن چونکہ بڑوں کا نام لینا معیوب سمجھا جاتا ہے تو میرے والد نے میں نام کے ساتھ اقصیٰ کا اضافہ کردیا ۔دوست اکو اور خاندان میں دادو پکارا جاتا ہے۔
ایم ایم نیوز:آپ نے میزبانی کب شروع کی اور ٹک ٹاک پر کب آئیں ؟
اقصیٰ کینجھرلیلیٰ جمالی: میزبانی 2سال پہلے شروع کی اور ٹک ٹاک پر مجھے 3سال ہوچکے ہیں۔ ٹک ٹاک پر دیکھ کر مجھے میزبانی کی پیشکش ہوئی اور دونوں میں ہی مزہ آتا ہے۔
ایم ایم نیوز:ٹک ٹاک بنانے اور میزبانی میں فرق کیا ہے ؟
اقصیٰ کینجھرلیلیٰ جمالی: ٹک ٹاک میرا ذاتی فعل ہے۔یہاں میں خود پروڈیوسر، ڈائریکٹر اور سب کچھ ہوں لیکن جہاں تک ٹی وی ہوسٹ کا معاملہ ہے تو وہ ایک ٹیم ورک ہے وہاں الگ معاملہ ہوتا ہے۔
ایم ایم نیوز:ٹک ٹاک کے ذریعے ہوسٹ بن گئیں، آگے کا کیا ارادہ ہے؟
اقصیٰ کینجھرلیلیٰ جمالی: میں نے کبھی نہیں سوچا تھا کہ میں کبھی ٹی وی ہوسٹ بن پاؤں گی۔ میری زندگی میں اکثر حادثاتی طور پر چیزیں ہوجاتی ہیں اور ٹی وی پر آنا بھی اتفاق تھا۔ مستقبل کے حوالے سے کچھ نہیں کہہ سکتی۔
ایم ایم نیوز:والدین میں سے سب سے زیادہ سپورٹ کون کرتا ہے؟
اقصیٰ کینجھرلیلیٰ جمالی: آج میں جو کچھ بھی ہوں وہ اپنی فیملی کی سپورٹ کی وجہ سے ہوں۔ اگر فیملی کی سپورٹ نہ ہوتی تو میں کچھ نہ ہوتی ۔میری والدہ اور والد دونوں مجھے ہمیشہ بہت سپورٹ کرتے ہیں۔
ایم ایم نیوز:آپ کیسے ویڈیوز بناتی ہیں اورآپ کی فین فالوونگ زیادہ کہاں ہے ؟
اقصیٰ کینجھرلیلیٰ جمالی: میں اپنی ثقافت کو پروموٹ کرنے کی کوشش کرتی ہوں اور میری زیادہ تر ویڈیوز سندھی میں ہوتی ہیں۔ میرا ویڈیو کا مواد ہمیشہ پراثر ہوتا ہے اور سندھی صارفین مجھے زیادہ فالو کرتے ہیں۔
ایم ایم نیوز:جنت مرزا یا ٹک ٹاک پر سب سے بڑا مقابل کسے سمجھتی ہیں ؟
اقصیٰ کینجھرلیلیٰ جمالی: جنت مرزا ٹک ٹاک پر سب سے مشہور شخصیت ہیں اور جب میں نے ٹک ٹاک کا سوچا بھی نہیں تھا تب ان کے لاکھوں مداح تھے تو اگر میں جنت مرزا سے مقابلے کا سوچوں تو مجھ سے بڑا کوئی بیوقوف نہیں ہوسکتا۔
ایم ایم نیوز:زندگی میں کبھی سیاست کا موقع ملے تو کس جماعت میں جانا پسند کریں گی؟
اقصیٰ کینجھرلیلیٰ جمالی: سیاست کے حوالے سے پیپلزپارٹی میری فیورٹ جماعت اور اس سے بھی زیادہ مجھے بلاول بھٹو پسند ہیں۔ گوکہ ابھی حال ہی میں ان کی ایک ویڈیو وائرل ہوئی کانپیں ٹانگ رہی ہیں تاہم میں یہ کہوں گی کہ انہیں اگر انگریزی پر عبور حاصل ہے تو وہ انگریزی میں ہی بات کیاکریں ۔
ایم ایم نیوز:ٹک ٹاک کے بعد اداکاری کا کوئی ارادہ ہے ؟
اقصیٰ کینجھرلیلیٰ جمالی: یوں تو ٹک ٹاک بھی اداکاری ہی ہے اور مجھے اداکاری کرنے کا شوق بھی ہے۔ میں نے ایک ڈرامہ میں کردار بھی ادا کیا تھا تاہم میں نے اپنی ویڈیو نہیں دیکھی ۔
ایم ایم نیوز:تعلیم کا سلسلہ کہاں تک پہنچااور شادی کا کیا ارادہ ہے؟
اقصیٰ کینجھرلیلیٰ جمالی: میں نے ابھی حال ہی میں کراچی یونیورسٹی سے بی اے ایل ایل بی کیا ہے اور آگے ابھی مزید پڑھنے کا ارادہ ہے تاہم شادی کے حوالے سے کوئی پلان نہیں ہے۔