واشنگٹن: امریکی حکومت نے پاکستان کو اسلحہ فراہمی پر اعتراض کرنے والے بھارت کا مؤقف مسترد کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے بھارتی ہم منصب سپرامنیم جے شنکر کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ پاکستان اور خطے کے دیگر ممالک کو دہشت گردی سے خطرات لاحق ہیں۔
شہزادہ محمد بن سلمان سعودی عرب کے پہلے وزیر اعظم مقرر
امریکی وزیرِ خارجہ انٹونی بلنکن نے پاکستان کو اسلحہ فراہمی کے متعلق وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کیلئے یہ کوئی نئے طیارے، نیا نظام یا نئے ہتھیار نہیں ہیں۔ ماضی میں بھی پاکستان نے یہ سب استعمال کیا ہے۔
وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے مزید کہا کہ امریکا کا پاکستان کے ساتھ ایف 16 طیاروں کی فراہمی کا ایک پائیدار پروگرام عرصے سے موجود ہے۔ پاکستان کو دئیے جانے والے ہتھیار برقرار رکھنا ہماری ذمہ داری ہے۔
انٹونی بلنکن کا کہنا تھا کہ پاکستان کا ایف 16 پروگرام دہشت گردی کے خطرات سے نمٹنے کیلئے ہے۔ پاکستان کو نیا نظام، نئے ہتھیار یا نئے طیارے فراہم نہیں کیے جارہے۔ ہم جسے بھی سازوسامان دیتے ہیں، اس کو برقرار رکھنا ہمارا فرض ہے۔
انہوں نے کہا کہ امریکا کی جانب سے پاکستان کیلئے منظور کردہ 450 ملین ڈالرز کی ڈیل پہلے سے فراہم کیے گئے طیاروں کی مینٹی نینس کیلئے ہے تاکہ جو طیارے پاکستان کے پاس ہیں، انہیں برقرار رکھا جاسکے۔ دہشت گردی کے خطرات کو بڑھنے دینا کسی کے مفاد میں نہیں۔