ڈینگی مچھر اور دیگر جراثیم کے خاتمے کے لئے شہر میں اسپرے مہم شروع کردی گئی

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

کراچی :بلدیہ عظمیٰ کراچی اور سیلانی ویلفیئر انٹرنیشنل ٹرسٹ کے اشتراک سے ڈینگی مچھر اور دیگر جراثیم کے خاتمے کے لئے شہر میں اسپرے مہم شروع کردی گئی، اس سے قبل سیلانی ویلفیئر انٹرنیشنل ٹرسٹ کے صدر یوسف لاکھانی، عارف لاکھانی اور سلطان محمود تاجوانی ، یوسی چیئرمین نانکواڑہ نے میئر کراچی وسیم اختر سے ان کے دفتر میں ملاقات کی اور پیشکش کی کہ شہر میں جراثیم کے خاتمے کے لئے سیلانی ویلفیئر ٹرسٹ بلدیہ عظمیٰ کراچی کے ساتھ تعاون کے لئے تیار ہے۔

میئر کراچی نے شہریوں کے مفاد کے پیش نظر اسپرے مہم میں تعاون کرنے پر یوسف لاکھانی کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ جراثیم کش اسپرے بلدیاتی اداروں کی بنیادی ذمہ داری ہے تاہم وسائل کی کمی کے باعث این جی اوز کا تعاون حاصل کرنا پڑ رہا ہے۔

بعدازیں ڈپٹی میئر کراچی سید ارشد حسن نے سیلانی ویلفیئر کے ٹرسٹی محمد عارف لاکھانی کے ہمراہ ضلع شرقی میں اسپرے مہم کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر ضلع شرقی کے وائس چیئرمین عبدالرئوف ، کچی آبادی کے چیئرمین سعد بن جعفر، یوسی چیئرمین سلطان محمود تاجوانی، سیلانی ویلفیئر انٹرنیشنل ٹرسٹ کے چیف آپریٹنگ آفیسر محمد غزال سمیت کے ایم سی کے دیگر افسران اور علاقہ مکینوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔

یہ خبر بھی پڑھیں: کراچی میں گزشتہ24 گھنٹوں کے دوران ڈینگی کے مزید 167کیس رپورٹ

ڈپٹی میئر سید ارشد حسن نے اسپرے مہم کے افتتاح کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی شہر میں اسپرے مہم کے دو ادوار مکمل کرنے کے بعد سیلانی ویلفیئر انٹرنیشنل ٹرسٹ کے اشتراک سے تیسرے مرحلے کا آغاز کر رہی ہے ، اسپرے مہم کے لئے گاڑیاں اور مشینیں کے ایم سی فراہم کر رہی ہے جبکہ ڈیزل اور اسپرے کی دوائی کے لئے سیلانی ویلفیئر انٹرنیشنل ٹرسٹ کا تعاون حاصل ہے۔

ڈپٹی میئر نے کہا کہ فنڈز کی عدم دستیابی اور مالی وسائل کے بحران کے باعث ہمیں سیلانی ویلفیئر ٹرسٹ والوں کا تعاون حاصل کرنا پڑا جس کے لئے ہم ان کے شکر گزار ہیں۔ڈپٹی میئر نے کہا کہ کراچی کے چھ اضلاع اور ڈسٹرکٹ کونسل میں روزانہ کی بنیاد پر 30 گاڑیوں سے اسپرے کیا جائے گا اور یہ سلسلہ دسمبر تک جاری رہے گا، ایک سوال کے جواب میں ڈپٹی میئر نے کہا کہ میئر کراچی وسیم اختر کی کوششوں سے ریبیز کی ویکسین کے ایم سی کے تین اسپتالوں کو مہیا کردی گئی ہیں ۔

مزید ویکسین کی فراہمی کے لئے کوشش کی جا رہی ہے امید ہے کہ جلد کے ایم سی کے دیگر اسپتالوں میں بھی یہ ویکسین دستیاب ہوگی، اسپرے مہم کے افتتاح کے موقع پر سیلانی ویلفیئر انٹرنیشنل ٹرسٹ کے چیف آپریٹنگ آفیسرمحمد غزال نے بتایا کہ سیلانی ویلفیئر کے ٹرسٹی اور میئرکراچی وسیم اختر کے ساتھ گزشتہ روز منعقدہ اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا تھا کہ شہریوں کے مفاد کے پیش نظر ڈینگی کی بیماری کے خاتمہ اور بچائو کے لئے شہر میں اسپرے مہم کا آغاز کیا جا رہا ہے انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس مختلف مدات میں عطیات آتے ہیں لہٰذا اس بات کی وضاحت ضروری ہے کہ ہم یہ کام زکوٰۃ فنڈز سے نہیں کر رہے بلکہ مفاد عامہ کے لئے دیئے گئے عطیات میں سے اسپرے مہم کے لئے رقم خرچ کی جا رہی ہے ۔