وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں مہلک کورونا وائرس کا ایک اور مریض دم توڑ گیا، جس کے بعد ملک میں مجموعی ہلاکتوں کی تعداد 9 ہو گئی ہے۔
یہ افسوسناک واقعہ شہرِ اقتدار کے سیکٹر جی 13 میں پیش آیا جہاں کورونا وائرس نے ایک اور شخص کی جان لے لی۔ کورونا سے متاثرہ مریض نے وائرس کے خلاف احتیاطی تدابیر بھی استعمال کیں، تاہم وہ جانبر نہ ہوسکا۔
کورونا وائرس سے متاثرہ مریض نے خود کو گھر میں قرنطینہ کر لیا تھا تاکہ اس کے مرض سے کسی اور شخص کی زندگی خطرے میں نہ پڑے، مذکورہ شخص کے جاں بحق ہونے کے بعد ملک بھر میں مجموعی ہلاکتوں کی تعداد 9 ہو گئی ہے۔
یاد رہے کہ ملک بھر میں کورونا وائرس کے کیسز میں اضافہ ہورہا ہے۔اس سے قبل پاکستان میں مزید 52 افراد کے اجسام میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی جس کے بعد متاثرہ افراد کی تعداد 1074 ہو گئی ہے۔
کورونا وائرس کے باعث صوبہ سندھ سب سے زیادہ متاثر ہوا۔ سندھ میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 413، صوبہ پنجاب میں 323 جبکہ بلوچستان میں 119 افراد کے اجسام میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی۔
مزید پڑھیں: پاکستان میں مزید 52 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق