کراچی: زرمبادلہ کے سرکاری ذخائر میں مزید 17 کروڑ 90 لاکھ ڈالر کی کمی ریکارڈ کی گئی۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق غیرملکی قرضوں کی ادائیگی کا دباؤ برقرار رہنے کی وجہ سے زرمبادلہ کے سرکاری ذخائر کی مالیت 4 ارب ڈالرسے کم ہوگئی۔
2 جون کو ختم ہونے والے ہفتے میں سرکاری ذخائر 17 کروڑ 90 لاکھ ڈالر کی کمی سے 3 ارب 91 کروڑ 22 لاکھ ڈالر کی سطح پر آگئے۔
مرکزی بینک کے مطابق کمرشل بینکوں کے ذخائر کی مالیت 2 جون کو 5 ارب 42 کروڑ 26 لاکھ ڈالر ریکارڈ کی گئی، زرمبادلہ کے مجموعی ذخائر کی مالیت 9 ارب 33 کروڑ 48 لاکھ ڈالر کی سطح پر آگئی ہے۔
پاکستان اقوام متحدہ کے اہم ادارے ایکوسک فورم اقتصادی کونسل کا دوبارہ رکن منتخب
دوسری جانب وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار آئندہ مالی سال 24-2023 کا بجٹ آج پیش کریں گے، اتحادی حکومت اور وزیر اعظم شہباز شریف کا یہ دوسرا بجٹ ہوگا۔
آئندہ مالی سال کا وفاقی بجٹ جی ڈی پی کے 7.7 فیصد مالیاتی خسارہ کیساتھ تیار کیا گیا ہے، آئندہ مالی سال کیلئے ساڑھے 6 ہزار ارب روپے سے زائد مالیاتی خسارے کا بجٹ پیش کیا جائے گا، تنخواہوں میں 20 اور پنشنز میں 15 فیصد اضافے کی تجویز ہے، بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کیلئے 430 ارب روپے مختص کیے جائیں گے جبکہ بجٹ میں 7 سو ارب سے زائد کے نئے ٹیکسز لگائے جائیں گے، پٹرولیم مصنوعات پر لیوی کی شرح مزید بڑھائے جانے کا امکان ہے۔