کراچی کے علاقے کورنگی میں بدھ کے روز ڈکیتی مزاحمت کے دوران ایک نوجوان کو گولی مار کر قتل کر دیا گیا، پولیس کے مطابق یہ واقعہ فجر کے وقت پیش آیا۔
سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) کورنگی کامران خان نے بتایا کہ پانچ ڈاکو ایک گھر میں واردات کی نیت سے داخل ہوئے۔
جب ڈاکو فرار ہونے کی کوشش کر رہے تھے تو فجر کی نماز کے لیے آنے والے ایک نوجوان نے شور مچایا جس پر ڈاکوؤں نے اسے نشانہ بنایا اور گولی مار دی، جس سے وہ شدید زخمی ہو گیا اور زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگیا۔
واقعے کے بعد ایس ایس پی کورنگی نے زمان ٹاؤن کے ایس ایچ او اور متعلقہ پولیس چوکی کے انچارج کو معطل کر دیا۔ پولیس نے واقعے کی تفتیش شروع کر دی ہے۔
اس سے قبل کراچی کے اسلامیہ لاء کالج کے قریب ایک ٹائر کی دکان کے مالک کو ڈکیتی کے دوران مزاحمت کرنے پر قتل کر دیا گیا تھا۔
رپورٹس کے مطابق اسلامیہ کالج چورنگی کے قریب حسن عارف اپنی ٹائر کی دکان پر کام کر رہے تھے جب مسلح افراد نے لوٹ مار کی نیت سے دکان میں گھس کر ان پر حملہ کیا۔
حسن نے مزاحمت کرنے کی کوشش کی جس پر ڈاکوؤں میں سے ایک نے ان کے سینے میں گولی مار دی، جو جان لیوا ثابت ہوئی۔
پولیس نے بتایا کہ واقعے کے وقت علاقے میں کافی گہما گہمی تھی، کیونکہ قریبی جگہ پر ایک ریلی گزر رہی تھی۔ اس کے باوجود ڈاکو آسانی سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔