کراچی: پانچ جنوری کو کراچی میں مفتی محمد تقی عثمانی کی صدارت میں خدمات مدارس دینیہ کنونشن کا اعلان کردیا گیا۔ دوسالہ پوزیشن ہولڈرز طلباء وطالبات میں انعامات کی تقسیم بھی کی جائے گی۔
مدارس کی خدمات پر قائدین وفاق المدارس اور دینی زعماء بھی شریک ہونگے۔ کنونشن کے انتظامات کو حتمی شکل دینے کیلئے مولانا امداد اللہ یوسف زئی کی صدارت میں مشاورتی اجلاس بھی منعقد کیا گیا ہے۔
وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے زیر اہتمام کراچی کے مدارس و جامعات کے مہتممین ومنتظمین کا کنونشن مفتی اعظم پاکستان مفتی محمد رفیع عثمانی کی زیر سرپرستی پانچ جنوری بروز بدھ صبح نو جامعہ دارالعلوم کراچی میں منعقد ہوگا۔
صدر وفاق المدارس مولانا مفتی محمد تقی عثمانی کی صدارت میں ھونے والے کنونشن کے مہمان خصوصی ناظم اعلی وفاق المدارس مولانا محمد حنیف جالندھری ہونگے جبکہ سینئر نائب صدر مولانا انوار الحق حقانی،مولانا عبیداللہ خالد،مولانا سید سلیمان بنوری اور مولانا سعید یوسف بھی خطاب کریں گے۔
وفاق المدارس کے میڈیا کوآرڈینیٹر مولانا طلحہ رحمانی کے مطابق کنونشن میں دیگر صوبوں کی مانند وفاق المدارس کے سالانہ امتحانات برائے 1441/1442ھ میں پوزیشن حاصل کرنے والے طلباء وطالبات کو انعامات دئیے جائیں گے،نیز جن اداروں کے طلباء اور طالبات نے پوزیشن حاصل کی ہے ان کو بھی اعزازی نشان (شیلڈز) اس کنونشن میں دئیے جائیں گے۔
مجموعی طور پر کراچی کے اٹھائیس (28) مدارس و جامعات کے ایک سو چھ (106) خوش نصیب طلباء وطالبات انعامات کے مستحق ہیں۔جس میں چھتیس (36) ملکی اورستر (70) صوبائی پوزیشن ہولڈرز ہیں۔پوزیشن ھولڈر اکسٹھ (61) طلباء اپنا انعام اور شیلڈ خود وصول کریں گے۔
پوزیشن ہولڈر پینتالیس (45) طالبات کے سرپرست ان کی طرف سے وصول کریں گے۔مولانا طلحہ رحمانی نے مزید بتایا کہ کنونشن میں مدارس کے درمیان باھم ربط و تعلق کو بہتر بنانے، وفاق المدارس اور مدارس دینیہ کی خدمات کو بھی اجاگر کیا جائے گا۔
دریں اثناء کنونشن کے انتظامات کو حتمی شکل دینے کیلئے وفاق المدارس سندھ کے ناظم مولانا امداد اللہ یوسف زئی کی صدارت میں جامعہ علوم اسلامیہ علامہ بنوری ٹاؤن میں مسولین ومنتظمین کا اجلاس ہوا۔
اجلاس میں مولانا عبدالرزاق زاہد،مولانا قاری حق نواز،مفتی اکرام الرحمن،مولانا عبدالرحمن چترالی،مولانا منظور احمد، مولانا عبیداللہ احرار، مولانا اظہار احمد،مولانا عبدالجلیل، مولانا محمد شاھد،مولانا راشد محمود ودیگر شریک ہوئے۔
بعد ازاں ناظم صوبہ سندھ مولانا امداد اللہ یوسف زئی اور رکن مرکزی امتحان کمیٹی وفاق المدارس اور ناظم تعلیمات جامعہ دارالعلوم کراچی مولانا راحت علی ہاشمی کی خصوصی مشاورت کے بعد طے کیا گیا کہ وفاق المدارس سے ملحق تمام مدارس کے مہتمم یا منتظم کی شرکت کو یقینی بنانے کیلئے مرکزی دفتر سے دعوت نامے ارسال کردئے جائیں۔
اگر کسی ادارہ کو موصول نہ ہوا ہو تو وہ اپنے متعلقہ مسول سے رابطہ کرلیں،اور جن شرکاء کو مدعو کیا گیا ہے ان کو کنونشن سے قبل جامعہ دارالعلوم کراچی میں قائم اپنے متعلقہ اضلاع کے کاؤنٹر سے داخلہ پاس کا اجراء کیا جائے گا۔
اجلاس میں طے ہوا کہ کنونشن صبح نو بجے شروع ہوکر ظہر تک جاری رہے گا۔یاد رہے کہ وفاق المدارس کے سالانہ امتحانات میں پوزیشن حاصل کرنے والے طلباء وطالبات کو ملک بھر میں تقریبات میں انعامات دئیے جاتے ہیں۔
مزید پڑھیں: وفاق المدارس العربیہ پاکستان نے سانحہ سیالکوٹ کو انتہائی افسوسناک قرار دے دیا