کراچی: شہر قائد میں لوڈشیڈنگ اور اوور بلنگ کے معاملے پر پاکستان تحریک انصاف کے اراکین قومی اسمبلی میں اختلافات کھل کر سامنے آگئے، ڈاکٹر عامر لیاقت اور عمر ایوب کے درمیان دوریاں بڑھ گئیں۔
گزشتہ روز کے الیکٹرک کیخلاف احتجاج کے دوران پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عامر لیاقت اپنی ہی حکومت کے وفاقی وزیر توانائی عمر ایوب پر برس پڑے۔
ڈاکٹر عامر لیاقت حسین نے عمر ایوب کو پاکستان کا سب سے بڑا بدتمیز قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ کالی بھیڑیں تحریک انصاف کو نقصان پہنچا رہی ہیں اور ایسی کالی بھیڑوں سے جواب لینا ہوگا۔
پی ٹی آئی کی جانب سے کے الیکٹرک ہیڈ آفس کے باہر دھرنے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عامر لیاقت حسین نے کہا کہ عمر ایوب کا شمار پاکستان کے بدترین وزراء میں ہوتا ہے۔
ڈاکٹر عامر لیاقت نے انکشاف کیا کہ میں نے اسمبلی کے فلور اور عشائیہ میں وزیرتوانائی عمر ایوب سے کہا کہ کے الیکٹرک کس کی ذمہ داری ہے؟ اگر آپ کی ذمہ داری نہیں ہے تو نیپرا کی ہوگی توعمر ایوب خان نے مجھے کہا کہ ہمارا کے الیکٹرک اورکراچی والوں کو بجلی دینے سے کوئی تعلق نہیں۔
مزید پڑھیں:لاہور میں غلط پارکنگ سے منع کرنے پر خاتون نے ٹریفک وارڈن کو تھپڑ ماردیا