غیر ملکی خواتین کا ریپ کرنے والے ملزم کا اسحاق ڈار سے تعلق؟ استعفے کا مطالبہ سامنے آگیا

تازہ ترین

تازہ ترین

لاہور میں غیر ملکی خواتین کے ساتھ مبینہ ریپ اور تشدد کے مقدمے میں اہم سیاسی موڑ آگیا ہے۔ سینیٹر فیصل واوڈا نے دعویٰ کیا ہے کہ کیس کے مرکزی ملزم رضا ڈار کا وزیر خارجہ اور نائب وزیراعظم اسحاق ڈار سے مبینہ قریبی رشتہ ہے، اور اس بنیاد پر انہوں نے اسحاق ڈار سے فوری استعفے کا مطالبہ کر دیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری اپنے بیان میں فیصل واوڈا نے کہا کہ پاکستان کو “فیملی کارپوریشن” کی طرح چلایا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ملزم رضا ڈار پر غیر ملکی خواتین کو پاکستان بلا کر ان کے ساتھ مبینہ ریپ، تشدد اور بھتہ خوری کے سنگین الزامات ہیں۔

فیصل واوڈا نے الزام عائد کیا کہ غیر ملکی سفارت خانے کی مداخلت کے بعد ملزم کو گرفتار کیا گیا، تاہم حکومت اس پورے معاملے کو دبانے کی کوشش کر رہی ہے۔ ان کے مطابق کیس کو ریپ کے بجائے صرف بھتہ خوری تک محدود کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں، جبکہ متاثرہ غیر ملکی خواتین کو جلد ملک سے واپس بھیجنے کی تیاریاں بھی جاری ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ متاثرہ خواتین کا ضابطہ فوجداری کی دفعہ 164 کے تحت بیان تاحال سامنے نہیں لایا گیا، جبکہ ماضی کی طرح اس کیس میں بھی من پسند میڈیکل رپورٹس حاصل کیے جانے کا خدشہ ہے۔

سینیٹر فیصل واوڈا نے کہا کہ اگر پاکستان کے وقار اور عالمی ساکھ کا ذرا بھی خیال ہے تو اسحاق ڈار کو فوری طور پر اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دینا چاہیے۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ اس معاملے پر حکومت یا اپوزیشن کی کسی بڑی سیاسی جماعت کی جانب سے اب تک کوئی مذمتی بیان سامنے نہیں آیا۔

واضح رہے کہ اسحاق ڈار یا حکومت کی جانب سے فیصل واوڈا کے ان الزامات اور ملزم کے ساتھ مبینہ رشتہ داری کے دعوے پر تاحال کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا ہے۔

Related Posts