راولپنڈی: چہلم حضرت امام حسین ؑو شہدا ئے کربلا 20 صفرالمظفر ہفتہ کو منایا جائے گا،راولپنڈی میں چہلم شہدا کربلا کے حوالے تمام تر انتظامات کو حتمی شکل دیدی گئی۔
ذرائع کے مطابق امام بارگاہ عاشق حسین کمیٹی چوک امام بارگاہ کرنل مقبول سے مرکزی جلوس برآمد ہونگے، اس کے علاوہ امام بارگاہ حفاظت علی شاہ،شہیدان کربلا ٹائراں والابازار، دربار شاہ چن چراغ سے برآمدجلوس بھی مرکزی جلوس میں شامل ہونگے۔
جلوس کمیٹی چوک کالج روڈ بوہڑبازار چوک اقبال روڈ فوارہ چوک ڈنگی کھوئی چوک پرانا قلعہ سے امام بارگاہ قدیمی پر اختتام پذیر ہونگے۔
جلوس کی مانیٹرنگ کے لئے ساڑھے تین سو سے، زائد سی سی ٹی کیمرے نصب ہونگے، ٹی ایم اے اور ڈپٹی کمشنر آفس میں کنٹرول روم سے جلوسوں کو براہ راست مانیٹر کیا جائے گا۔
ایس ایس پی آپریشنزوسیم ریاض خان کی پولیس لائنز میں چہلم حضرت امام حسین ؓکے حوالے سے میٹنگ کا انعقاد کیا گیا، میٹنگ میں ڈولفن فورس اور ضلعی پولیس کے افسران واہلکاروں نے شرکت کی۔
اس موقع پر پولیس افسران کو فول پروف سیکورٹی کویقینی بنانے کی ہدایات جاری کی گئیں، اس کے علاوہ جلوس کے انٹری پوائنٹ پر واک تھرو گیٹ لگائے جائیں گے۔
ایس ایس پی آپریشنز وسیم ریاض خان کے مطابق جلوس میں آنے والے شرکاء کوباڈی سرچ کے بعد داخلے کی اجازت ہو گی، جلوس کی سیکورٹی کیلئے روف ٹاپ پر ماہر نشانہ باز تعینات کیے جائیں گے۔
ایس ایس پی آپریشنز نے مزید بتایا کہ جلوس کے روٹ پر گلیوں،سڑکوں اور دیگر راستوں کوکنٹینرز سے سیل کیاجائے گا،چہلم پر جاری کردہ ضابطہ اخلاق اور ایس او پی پر ہر صورت عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے گا۔