صدارت عامہ برائے امور حرمین شریفین نے خانہ کعبہ کو غسل دینے کے لیے اپنی تیاری اور انتظامات کی تکمیل کا اعلان کیا ہے، تقریب کل ہوگی۔
صدارت عامہ سے منسلک ایجنسیوں نے سپرد کردہ ذمہ داریوں کو مکمل کرلیا ہے۔ صحن مطاف برقی کرنٹ کو کنٹرول کرنے والے مقامات کی جانچ پڑتال کی گئی ہے۔ صدارت عامہ کی ہدایت کے مطابق خانہ کعبہ کے دروازے کا پردہ ہٹا دیا گیا ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق حرمین شریفین کی صدارت عامہ کی ہدایت پر خانہ کعبہ کے دروازے سے پردہ ہٹا دیا گیا تاکہ کل بعد نماز فجر خانہ کعبہ کو سالانہ غسل دیا جا سکے۔
خانہ کعبہ کے اندرونی دیواروں کو آب زم زم، مشک اور عرق گلاب سے دھویا جائے گا جس کی سعادت مکہ مکرمہ کے گورنر شہزادہ خالد الفیصل حاصل کریں گے۔
خانہ کعبہ کے اندرونی فرش کو آبِ زم زم، عرقِ گلب اور عود کے عطر سے دھویا جائے گا جس کے بعد کھجور کے پتوں سے فرش اور دیواروں کو خشک کیا جائے گا۔
خانہ کعبہ کی اندرونی دیواروں اور فرش کو سفید کپڑے کی مدد سے چمکایا جائے گا۔ امورِ حرمین شریفین کے صدر الشیخ ڈاکٹر عبدالرحمان السدیس خانہ کعبہ کو غسل دینے کے عمل کی نگرانی کریں گے۔