بھارتی فلم انڈسٹری کی مشہورومعروف اداکارہ عالیہ بھٹ نے فلمسازی کی صنعت میں قدم رکھنے کا اعلان کرتے ہوئے اپنا پروڈکشن ہاؤس بنانے کا عندیہ دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سن 2012ء میں اسٹوڈنٹ آف دی ائیر سے فلم کی دنیا میں قدم رکھنے والی اداکارہ عالیہ بھٹ نے اداکاری کے بعد فلمسازی کی صنعت میں بھی قدم رکھ دیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹا گرام پر اپنی ایک پوسٹ میں اداکارہ عالیہ بھٹ نے کہا کہ مجھے اپنے مداحوں کو پروڈکشن ہاؤس کھولنے کا بتاتے ہوئے بہت مسرت محسوس ہورہی ہے، عالیہ بھٹ نے فلم پروڈکشن کمپنی کا نام اور لوگو بھی شئیر کیا۔
عالیہ بھٹ نے کہا کہ میری فلم پروڈکشن کمپنی کا نام اٹرنل سن شائن پروڈکشنز ہوگا۔ ہم آپ کو مختلف فلمی کہانیاں سنائیں گے جن میں خوشی، نرم گرم جذبات اور حقیقی کہانیوں کے ساتھ ساتھ اور بھی دیگر لامحدود موضوعات پر فلمیں بنائی جائیں گی۔
فلم کی دُنیا میں اداکارہ عالیہ بھٹ نے متعدد فلموں سے شہرت پائی جن میں 2 اسٹیٹس، ہمپٹی شرما کی دلہنیا، کپور اینڈ سنز اور بدری ناتھ کی دلہنیا جیسی فلمیں شامل ہیں۔ فلم بازی میں بھی عالیہ بھٹ کی اداکاری کو سراہا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: لاہور، ملکۂ ترنم نور جہاں کے سابق شوہر اعجاز درانی انتقال کر گئے