علی زیدی کی منحرف رکن کے گھر کے باہر 4پی ٹی آئی کارکنان کی گرفتاری پر تنقید

مقبول خبریں

کالمز

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

علی زیدی کی منحرف رکن کے گھر کے باہر 4پی ٹی آئی کارکنان کی گرفتاری پر تنقید
علی زیدی کی منحرف رکن کے گھر کے باہر 4پی ٹی آئی کارکنان کی گرفتاری پر تنقید

کراچی: وفاقی وزیرِ بحری امور علی زیدی نے منحرف رکنِ قومی اسمبلی رمیش کمار کے گھر کے باہر 4 پی ٹی آئی کارکنان کی گرفتاری پر تنقید کی ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں وفاقی وزیر علی زیدی نے کہا کہ کراچی میں سندھ حکومت تحریکِ انصاف کے کارکنان کو گرفتار کر رہی ہے جبکہ کارکنان نے اقلیتی ایم این اے کے گھر کے باہر پر امن احتجاج کیا۔

یہ بھی پڑھیں:

ہارس ٹریڈنگ، اراکینِ اسمبلی ٹکٹ لیں یا پیسے، یہ سودے بازی ہے۔اعتزاز احسن

پی ٹی آئی کارکنان کو بے گناہ قرار دیتے ہوئے وزیرِ بحری امور علی زیدی نے کہا کہ دلچسپ طور پر منحرف رکن کے گھر کے باہر احتجاج کے مقدمے میں اراکینِ سندھ اسمبلی کو بھی نامزد کیا گیا ہے جو بوکھلاہٹ کا ثبوت ہے۔

وفاقی وزیر علی زیدی نے کارکنان کی گرفتاری پر تنقید کے دوران چیئرمین پیپلز پارٹی کو بے بی زرداری کے لقب سے نوازتے ہوئے کہا کہ بلاول بھٹو کے اندازِ گفتگو، چہرے اور روئیے سے بوکھلاہٹ ظاہر ہوتی ہے۔

رمیش کمار کے گھر کے باہر کیا ہوا؟

رکنِ قومی اسمبلی رمیش کمار کو تحریکِ انصاف سندھ کا اہم سیاسی رہنما سمجھا جاتا ہے۔ پی ٹی آئی سے انحراف کے بعد کارکنان نے ان کے گھر کے باہر احتجاج کیا۔ پولیس نے مظاہرے اور ہنگامہ آرائی کے الزام میں 4 کارکنان کو حراست میں لے لیا۔

واقعے کا مقدمہ بوٹ بیسن پولیس اسٹیشن میں درج کیا گیا ہے جس میں تحریکِ انصاف کے اراکینِ سندھ اسمبلی سعید آفریدی اور شاہنواز جدون کو بھی نامزد کیا گیا۔ کارکنان نے گرفتاریوں کے خلاف کلفٹن تھانے کے باہر بھی احتجاج کیا۔

تحریکِ انصاف کراچی ڈویژن کے صدر و رکنِ اسمبلی بلال غفار کا کہنا ہے کہ 4 کارکنان گرفتار ہوئے جبکہ سندھ پولیس شہر کے مختلف علاقوں میں کارکنان کے گھروں پر چھاپے مار رہی ہے۔ گرفتاریاں نہ رکیں تو وزیر اعلیٰ  ہاؤس کا گھیراؤ کیاجائے گا۔ 

Related Posts