کراچی: پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی عالمگیر خان نے کے ایم سی ہیڈ آفس کے سامنے آوارہ کتوں کے ہمراہ احتجاج کا اعلان کردیا۔
عالمگیر خان نے اس حوالے سے ایڈمنسٹریٹر کراچی افتخار شلوانی کو الٹی میٹم دے دیا ہے۔فکس اٹ نامی تنظیم کے بانی عالمگیر خان کا کہنا تھا کہ آوارہ کتوں پر ایکشن نہ لیا تو فکس اٹ کے ایم سی ہیڈ آفس کے سامنے آوارہ کتے کھڑے کر کے احتجاج کرے گی۔
عالمگیر خان نے اس حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ایک ماہ میں آوارہ کتوں کو پکڑکر ویکسینیٹ نہ کیا گیا تو کے ایم سی دفتر کے سامنے 100 کتے کھڑے کر دیئے جائیں گے اور بھرپور احتجاج کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ایک ارب روپے کتوں کو ویکسینیٹ کرنے کی مہم کے لیے وزیر اعلیٰ اور محکمہ صحت نے اعلان کیا تھا وہ کہاں گئے؟۔انہوں نے کہا کہ پورے شہر میں کتوں کی بہتات ہے، ہمارے پاس لوگوں کی شکایتیں آرہی ہیں،روزانہ 70 کیسسز کتے کے کاٹنے کے رپورٹ ہو رہے ہیں۔
عالمگیر خان کا کہنا تھا کہ پچھلے سال سندھ میں ایک لاکھ کتے کے کاٹنے کے کیسسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ ایڈمنسٹریٹر افتخار شلوانی کو معلوم ہونا چاہئے کہ کے ایم سی نے پہلے صفائی، کچرا اٹھانے اور سیوریج سے ہاتھ اٹھایا اور اب کتے پکڑنے کا کام بھی این جی او کرے گی کیا؟
عالمگیر خان نے کہا کہ سرکاری اسپتال میں کتے کے کاٹے کی ویکسین دستیاب نہیں ہے یہ بلاول بھٹو کے بیانات سنیں تو سندھ کو پیرس بنا دیا ہے۔شہریوں نے عالمگیر خان کے انوکھے احتجاج کی دھمکی پر کہا ہے کہ عالمگیر خان ہمیشہ عوام کے حقوق کے لئے بات کرتے ہیں۔ انہیں بھرپور سپورٹ کیا جائے گا۔