دنیا بھر میں 29 ستمبر کو عالمی یوم قلب منایا جاتا ہے، اس موقع پر لوگوں کو دل کی بیماریوں کے حوالے سے آگاہی دی جاتی ہے۔
لیکن آغا خان یونیورسٹی میں ستمبر کے پورے مہینے میں دل کی بیماریوں سے متعلق آگاہی دینے کیلئے مختلف سرگرمیوں کا انعقاد کیا جاتا ہے، جس میں سائیکلنگ اور ریس شامل ہوتی ہے۔
17 ستمبر کو آغا خان یونیورسٹی میں ڈاکٹرشہاب الدین اور دیگر ڈاکٹرز کی قیادت میں منی میراتھن ریس کا انعقاد کیا گیا جس میں میڈیکل اسٹاف، طلباء اور بچے بھی شریک ہوئے۔
ایم ایم نیوز نے منی میراتھن ریس میں شریک ڈاکٹرز سے اس سرگرمی کے حوالے سے گفتگو کی، جنہوں نے کہا کہ اس سرگرمی کا مقصد لوگوں کو آگاہی دینا ہے کیونکہ دل کی بیماری بہت زیادہ عام ہے، دنیا میں سب سے زیادہ اموات دل کی وجہ سے ہوتی ہیں، ہر 30 سیکنڈ میں ایک انسان دل کی بیماری کی وجہ سے مرتا ہے۔
افسوس کہ پاکستان میں لوگ دل کی صحت کا کوئی خاص خیال نہیں رکھتے، اگر کوئی مسئلہ ہوتا بھی ہے تو وہ اسے نظر انداز کردیتے ہیں جبکہ انھیں اس کو نظر انداز نہیں کرنا چاہیے۔
ڈاکٹرز نے کہا کہ موجود ہ دور میں لوگ جنک فوڈ بہت زیادہ کھاتے ہیں جو کہ اُن کی صحت کیلئے بہت زیادہ نقصان دہ ہے اور ورزش بالکل بھی نہیں کرتے جبکہ ہمیں روزانہ کم ازکم آدھا گھنٹہ ورزش ضرور کرنی چاہیے۔
آغا خان یونیورسٹی کے ڈاکٹرز کا یہی کہنا تھا کہ ہمارے دل کو بہت زیادہ توجہ کی ضرورت ہے کیونکہ جیسے جیسے ہماری عمر بڑھتی جاتی ہے ویسے ویسے بیماریاں بھی بڑھتی جاتی ہیں اور ہمیں سب سے زیادہ دل کی بیماریوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے، جس کی بڑی وجہ ورزش نہ کرنا اور چکنائی والی غذا کا استعمال ہے لہٰذا ہمیں چاہیے کہ اچھی غذا کھائیں اور ورزش کریں تاکہ ہمیں کسی قسم کی بیماری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔