آزاد کشمیر میں انتخابات کیلئے پاک فوج اور رینجرز تعینات کرنے کی منظوری دیدی گئی

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

اسلام آباد: حکومت نے آزاد جموں و کشمیر میں انتخابات کے انعقاد کیلئے پاک فوج، رینجرز اور پولیس تعینات کرنے کی منظوری دے دی ہے۔

تفصیلات کے مطابق حکومت نے آزاد جموں وکشمیر میں انتخابات کے انعقاد کیلئے سیکیورٹی انتظامات سخت کردئیے۔ پاک فوج، رینجرز اور پولیس کی تعیناتی کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ہے۔ 

نوٹیفکیشن کے مطابق پاک فوج کے 19 ہزار جوان آزاد جموں و کشمیر میں انتخابات کے دوران خدمات سرانجام دیں گے۔ رینجرز اور پنجاب کانسٹیبلری کے 4 ہزار اہلکاروں کو سیکیورٹی کیلئے تعینات کیا جائے گا۔

آزاد جموں و کشمیر میں انتخابات رواں ماہ 25 جولائی کو ہوں گے۔ حکمراں سیاسی جماعت پاکستان تحریکِ انصاف، مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی سمیت دیگر سیاسی جماعتوں نے انتخابات کیلئے کمر کس لی۔

سینئر تجزیہ کار ہارون الرشید کے مطابق آزاد کشمیر کے انتخابات میں پی ٹی آئی سب سے مضبوط جماعت بن کر ابھرے گی جس کے بعد دوسرے نمبر پر اگر کوئی سیاسی جماعت مضبوط ہے تو وہ پیپلز پارٹی ہوگی۔

نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے سینئر تجزیہ کار ہارون الرشید نے کہا کہ آزاد کشمیر کے انتخابات میں ن لیگ زیادہ نشستیں یا کوئی نمایاں مقام حاصل کرنے میں کامیاب نہیں ہوسکے گی۔

گفتگو کے دوران سینئر تجزیہ کار ہارون الرشید نے یہ بھی کہا کہ اگر مریم نواز انتخابی مہم کیلئے آزاد کشمیر پہنچیں تو ن لیگ کا بڑا نقصان ہوگا کیونکہ وہ پاک فوج کے خلاف بیان بازی کریں گی جو عوام برداشت نہیں کرسکتے۔

ہارون الرشید نے کہا کہ آزاد کشمیر کی حفاظت کیلئے پاک فوج کے جوان ہی تعینات ہیں جو سخت موسمی حالات کا سامنا کر رہے ہیں اور جانوں کی قربانیاں دے رہے ہیں۔ عوام ان کے خلاف گفتگو برداشت نہیں کریں گے۔ 

خیال رہے کہ اِس سے قبل پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا  کہ آزاد کشمیر میں پاکستان پیپلز پارٹی ہی حکومت بنائے گی اور اگلا وزیراعظم پی پی پی کا جیالا ہو گا۔

آزاد کشمیر کے شہر کوٹلی میں میڈیا سے گزشتہ ماہ 27 جون کو گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ عوام کو اس مہنگائی سے چھٹکارا حاصل کرنا ہے، موجودہ حکومت کی کشمیری پالیسی اور رویے پر ہمیشہ سے تنقید کی ہے، کشمیر پر ماضی کے وزرائے اعظم اور عمران خان کے طریقے میں واضح فرق ہے۔

مزید پڑھیں: آزاد کشمیر میں اگلی حکومت پاکستان پیپلزپارٹی ہی بنائے گی، بلاول بھٹو