وزیرِ مملکت برائے خزانہ عائشہ غوث پاشا کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف پروگرام 30 جون کو ختم ہوجائے گا، منیجنگ ڈائریکٹر آئی ایم ایف کا پاکستان پر مؤقف ہمدردانہ ہے۔
تفصیلات کے مطابق پیرس میں نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے وزیرِ مملکت برائے خزانہ عائشہ غوث پاشا نے کہا کہ آئی ایم ایف چاہتا ہے کہ پاکستان نویں جائزے پر پیشرفت دکھائے۔ وقت کم ہے ، پروگرام 6روز بعد ختم ہوجائے گا۔
اسٹاک مارکیٹ میں 86.73 پوائنٹس کی مندی
وزیر اعظم کی ملاقات کے متعلق گفتگو کرتے ہوئے عائشہ غوث پاشا نے کہا کہ وزیر اعظم کی ایم ڈی آئی ایم ایف کرسٹالینا جورجیوا سے ملاقات مثبت تھی، کوشش ہے کہ نواں جائزہ تکمیل کو پہنچے اور پاکستان آگے بڑھ جائے۔
قبل ازیں وزیر اعظم شہباز شریف نے پیرس میں آئی ایم ایف کی منیجنگ ڈائریکٹر سے ملاقات کی اور پاکستان کے قرض پروگرام سمیت دیگر امور پر تبادلۂ خیال کیا۔ وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ کرسٹالینا جورجیوا سے ملاقات دوستانہ ماحول میں ہوئی۔
دورانِ ملاقات وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان نے آئی ایم ایف کی تمام شرائط پوری کردیں، پروگرام بورڈ میں جا کر منظور ہونا چاہئے۔ اس دوران پاکستان کی معاشی صورتحال پر بھی گفتگو ہوئی۔