راولپنڈی:آٹے اور چینی کی قیمتوں میں اضافے کے بعدحکومت دالوں کی قیمتوں پر بھی قابو پانے میں ناکام،راولپنڈی میں دالوں کی قیمتوں میں 2سے 10روپے تک کا اضافہ کردیا گیا۔
کریانہ ایسوسی ایشن نے پرائس کنٹرول کمیٹی کا اجلاس طلب کرکے پرچون کی دکانوں پر دالوں کے ریٹ مقرر کرنے کا مطالبہ کر دیا ہے،گزشتہ ایک ہفتے کے دوران ہول سیل پر دالوں کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ سامنے آ رہا ہے۔
انتظامیہ کی طرف سے دال چنا جس کی پرچون قیمت پر 128 روپے کلو مقرر کی گئی تھی ہول سیل 130 روپے فی کلو فروخت کی جارہی ہے،اسی طرح دال ماش اور سفید چنے کی قیمتوں میں 8 روپے فی کلو کے حساب سے اضافہ کیا گیا ہے۔
ہول سیل پر دالوں کی قیمتوں میں اضافے کے بعد دکانداروں کی طرف سے پرچون پر دالوں کے نرخ مقرر کرنے کے لیے پرائس کنٹرول کمیٹی کا اجلاس طلب کرنے کا مطالبہ کردیا گیا ہے۔
اس حوالے سے کریانا ایسوسی ایشن کے صدر سلیم پرویز بٹ کا کہنا ہے کہ دالوں کے نرخ مقرر نہ ہونے کی وجہ سے پرائس مجسٹریٹ پرانے نرخ ناموں کے مطابق جرمانہ کر رہے ہیں۔