ترک کمپنیاں افغانستان میں ہوائی اڈوں، بجلی اور صنعتی زون میں بھاری سرمایہ کاری کریں گی۔
افغان میڈیا کے مطابق افغان نائب وزیر صنعت و تجارت مولوی قدرت اللہ جمال نے متعدد ترک تاجروں اور سرمایہ کاروں سے ملاقات کی۔
ملاقات میں ترک تاجروں اور سرمایہ کاروں نے افغانستان میں ہوائی اڈوں، بجلی کی پیداوار، صنعتی پارکوں اور تجارتی شعبے میں بھاری سرمایہ کاری کرنے پر آمادگی ظاہر کی ہے۔
افغان نائب وزیر نے افغانستان کے نجی اور سرکاری شعبوں جیسے ہوائی اڈوں، بجلی کی پیداوار، صنعتی پارکس اور تجارتی شعبوں میں ترک تاجروں کی شرکت کو ضروری قرار دیا اور کہا کہ ان منصوبوں سے دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات مزید مضبوط ہو سکتے ہیں۔
مولوی قدرت اللہ جمال نے مزید کہا کہ تجارت اور صنعت کو سیاست کی زد میں نہیں آنا چاہیے۔ ہماری اقتصادی پالیسی ہر ملک کے ساتھ اقتصادی اہداف پر مبنی ہے۔
افغانستان اسلامی ممالک کے ساتھ تجارتی تعلقات میں دلچسپی رکھتا ہے اور بہت سے اسلامی ممالک نے افغانستان کے ساتھ اپنے تجارتی تعلقات پہلے سے زیادہ مضبوط کیے ہیں اور افغانستان میں سرمایہ کاری بھی کر رہے ہیں۔