اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت کے سٹی زون میں افغان ڈکیت گینگ سرگرم، پولیس اہلکار دیہاڑیاں لگانے تک محدود،سیکٹر جی سیون میں زونگ کمپنی کے موبائل ٹاور پر ایک ماہ کے دوران ڈکیتی کی دو وارداتیں،ڈکیت گروہ ٹاور کی چار دیواری پھلانگ کر داخل ہونے کے بعد سیکورٹی گارڈ کو تشدد کا نشانہ بنا کر نقدی اور موبائل فون چھین کر باآسانی فرار ہوگئے۔
سیکورٹی گارڈ نے تھانہ آبپارہ میں ڈکیتی کی واردات کی درخواست دیدی، تاہم پولیس نے تاحال اس ٹاور پر ایک ماہ قبل ہونے والی چوری کی واردات کی ایف آئی آر تک درج نہیں کی کہ دوسری ڈکیتی کی واردات ہوگئی۔
کمپنی کی جانب سے سائٹ پر تعینات سیکورٹی گارڈ محمد عثمان نے بتایا کہ گزشتہ رات تقریبا ڈھائی بجے کے قریب چھے مسلح ڈاکو ٹاور کی چاردیواری پھلانگ کر اندر داخل ہوئے اور چوکیدار کو تشدد کا نشانہ بنایا،ٹاور کی بیٹریاں اور قیمتی پارٹس نکالنے میں ناکام رہے تاہم چوکیدار سے تنخواہ کے 20 ہزار روپے اور موبائل فون چھین لیا۔
ڈکیت ایک گھنٹہ جائے وقوعہ پر باآسانی ڈکیتی کی واردات کے دوران تشدد بھی کرتے رہے اور پھر با آسانی فرار ہوگئے،چوکیدار کے مطابق وہ پشتو زبان بول رہے تھے اور چہرے ڈھکے ہوئے تھے۔
ایک ماہ قبل اسی ٹاور کی قیمتی فور کور تاریں کاٹ کر لے چکے ہیں۔ جس کی تھانہ آبپارہ میں درخواست دے کر دو مقامی افراد پر شبہ بھی ظاہر کیا تھا،لیکن نہ تو پولیس نے ایف آئی ار درج کی، نہ ہی ملزمان سے کوئی تفتیش کرکے پوچھ گچھ کی گئی۔پہلا کیس حل نہیں ہوا تھا کہ دوسری واردات بھی ہوگئی۔