لاہور: پنجاب میں سرکاری ملازمین عیدالاضحیٰ سے پہلے ہی عید کی خوشیاں منانے لگے، حکومت نے ایڈوانس تنخواہ اور پنشن کی ادائیگی کا حکم جاری کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت نے حکم جاری کیا ہے کہ تمام سرکاری ملازمین کو عید سے قبل ایڈوانس تنخواہ اور پنشن ادا کی جائے جس کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔
گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کے حکم پر جاری کردہ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ تمام متعلقہ سرکاری محکمے 16 جولائی تک عیدالاضحیٰ سے پہلے اپنے ملازمین کو تنخواہیں جاری کردیں۔
تنخواہوں سے متعلق نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ تمام تر امور وقت سے قبل مکمل کر لیے جائیں۔ عیدِ قربان سے پہلے سرکاری ملازمین کو تنخواہ، پنشن اور دیگر فنڈز جاری کردئیے جائیں۔
گزشتہ دنوں بھی پنجاب حکومت نے وزرا، مشیران اور پارلیمانی سیکریٹریز کی تنخواہوں اور الاؤنسز میں 2 کروڑ 21 لاکھ کا خطیر اضافہ کیا۔ وزرا، مشیر اورپارلیمانی سیکریٹریز کی تنخواہوں میں 1کروڑ 13لاکھ کا اضافہ ہوا۔
اسی طرح ہاؤس رینٹ، یوٹیلٹی الاؤنسز اور دیگر مراعات کی مد میں 1 کروڑ 7 لاکھ کا اضافہ ہوا۔ پنجاب حکومت ہر سال تنخواہ اور الاؤنسز کی مد میں ایک وزیر پر 25 لاکھ روپے خرچ کرے گی۔
خیال رہے کہ گزشتہ ماہ پی آئی اے کے ملازمین کو15 تاریخ گزرنے کے باوجود بھی تنخواہ نہ مل سکی۔پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن(پی آئی اے)کے مالی حالات یا انتظامی نااہلی کے باعث ملازمین تنخواہوں کے لئے رل گئے۔
گزشتہ ماہ جون کی15 تاریخ گزرنے کے باوجود بھی پی آئی اے کے ملازمین کو تنخواہ نہ مل سکی۔ایئر لائن کے ملازمین کی تنخواہوں میں گزشتہ 6 سال سے اضافہ نہیں ہوسکا۔
مزید پڑھیں: پی آئی اے کے ملازمین تنخواہ اور پنشنرز اپنی پنشن کے لئے رل گئے