کراچی: ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد نے کے ایم سی کے تمام اسپتالوں کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹس کو ہدایت کی ہے کہ عیدالفطر کی تعطیلات کے دوران وہ اسپتالوں میں ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل اسٹاف کی حاضری کو یقینی بنائیں اور کسی بھی صورت ڈاکٹرز اور عملے کی کمی نہیں ہونی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ کوویڈ۔19 کے باعث شہریوں کو صحت کے حوالے سے مشکلات کا سامنا ہے اور اسپتالوں پر مریضوں کا دباؤ بھی بہت زیادہ ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایک اجلاس کی صدارت کرتے کیا جس میں عیدالفطر کی تعطیلات کے دوران مختلف محکموں کی ذمہ داریوں اور افسران و عملے کی تعیناتی کا جائزہ لیا گیا۔
ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہا کہ فائر بریگیڈ، ریسکیو یونٹ، سٹی وارڈنز اور میڈیکل کے شعبوں میں تعطیلات کے دنوں میں اس طرح شفٹوں میں کام کرایا جائے کہ تمام ملازمین کو تعطیلات گزارنے کے مواقع بھی میسر آئیں اور اپنے فرائض منصبی بھی ادا کرتے رہیں۔
انہوں نے کہا کہ کوویڈ۔19 کی تیسری لہر نے شہر کا نظام کو ہی نہیں بلکہ پورے ملک کو متاثر کیا ہوا ہے اور معمولات زندگی کا توازن درہم برہم ہے، انہوں نے کہا کہ شہری اگر احتیاطی تدابیر جو حکومت کی جانب سے جاری کی گئی ہیں ان پر عمل کریں گے تو امید ہے کہ ہم سب اس خطرناک وباء سے بہتر انداز میں نمٹنے میں کامیاب ہوں گے۔
لئیق احمد کا کہنا تھا کہ عید کے ایام کے دوران شہری سختی کے ساتھ احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور خود کو اور اپنے خاندان کے دیگر افراد کو اس وباء سے بچائیں۔
ایڈمنسٹریٹر کراچی نے ڈائریکٹر سٹی وارڈنز راجہ رستم کو ہدایت کی ہے کہ عید گاہوں اور بڑی بڑی مساجد جہاں عیدالفطر کی نماز ادا کی جائے گی ان مقامات پر سٹی وارڈنز اپنے فرائض انجام دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک کے ان آخری ایام میں تمام مسلمان اللہ تعالیٰ سے دعا بھی کریں کہ وہ ہمیں اس جان لیوا وباء سے نجات دلائے اور جو لوگ کورونا کے مرض میں مبتلا ہیں انہیں صحت کاملہ عطا فرمائے۔
یہ بھی پڑھیں: ہرارے: دوسرا ٹیسٹ میچ، پاکستان نے 4وکٹوں کے نقصان پر 268رنز بنا لیے