کوٹ ادو میں مسافر وین اور ٹرک کے تصادم سے خواتین اور بچوں سمیت 11افراد جاں بحق

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

کوٹ ادو میں ٹرک اور مسافر وین کا تصادم
(فوٹو: ڈان)

دریائے سندھ کے مشرقی کنارے پر واقع پنجاب کے شہر کوٹ ادو میں مسافر وین اور ٹرک کے تصادم سے خواتین اور بچوں سمیت 11افراد جاں بحق ہوگئے ہیں۔

نجی ٹی وی (جیو نیوز) کی رپورٹ کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ کوٹ ادو کی تحصیل چوک سرور شہید میں میانوالی روڈ پر پیش آیا جہاں سامنے سے آنے والی مسافر وین اور ٹرک کا تصادم ہوا جس کے نتیجے میں 3 خواتین اور 3 بچوں سمیت 11 افراد جاں بحق جبکہ 10 سے زائد زخمی ہوئے۔

رپورٹ کے مطابق مسافر وین پر سوار افراد ملتان کی بستی لاڑ کے رہنے والے تھے جو بھکر میں رشتہ داروں سے ملاقات کیلئے جارہے تھے۔ ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ جاں بحق افراد کی میتوں اور زخمیوں کو ٹی ایچ کیو ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ پولیس نے واقعے کی تفتیش شروع کردی ہے۔

تشویشناک طور پر پنجاب سمیت ملک کے کسی بھی صوبے میں ٹریفک قوانین کی پابندی نہیں کی جاتی اور تیزرفتاری کے باعث حادثات روز کا معمول بن چکے ہیں جن کے دوران خواتین اور بچوں سمیت ملک بھر میں سیکڑوں افراد جاں بحق ہوجاتے ہیں اور قانون نام کی کوئی چیز موجود نہیں۔

حال ہی میں لکی مروت میں لوڈ رکشہ اور ٹرک کے درمیان خوفناک تصادم کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت 8 افراد جاں بحق جبکہ 15 زخمی ہوگئے تھے۔ عید الفطر کے دوسرے روز جمعرات کو یہ المناک حادثہ لکی مروت کے قصبے تاجزئی میں انڈس ہائی وے پر پیش آیا تھا۔

ریسکیو حکام کے مطابق گزشتہ ماہ اپریل کے دوران پیش آنے والے حادثے میں جاں بحق اور زخمی ہونے والے تمام افراد کا تعلق ٹانک اور تاتار خیل سے تھا۔ پولیس اور امدادی ٹیموں نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر لاشوں اور زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کردیا تھا۔

Related Posts