اسلام آباد: وفاقی وزیرِ صحت عبدالقادر پٹیل نے کہا ہے کہ ہم حفاظتی ٹیکہ جات تک رسائی 100فیصد یقینی بنانے کی حکمتِ عملی تشکیل دیتے ہوئے بچوں کو بیماریوں سے بچانے کیلئے وسائل بروئے کار لا رہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیرِ صحت عبدالقادر پٹیل کی زیرِ صدارت فیڈرل ڈائریکٹوریٹ آف ایمونائزیشن کا جائزہ اجلاس ہوا جس میں حفاظتی ٹیکہ جات پروگرام کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔
پاکستان میں کورونا کے 42نئے کیسز رپورٹ، 2افراد جاں بحق
ترجمان وزارتِ صحت نے کہا کہ عبدالقادر پٹیل کی زیرِ صدارت اجلاس میں چاروں صوبوں، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے صوبائی کو آرڈینیٹرز کے علاوہ عالمی نمائندگان نے شرکت کی۔
وزیرِ صحت کی زیر صدارت اجلاس میں گاوی، گیٹس فاؤنڈیشن، عالمی ادارۂ صحت اور یونیسیف کے نمائندگان نے بھی شرکت کی جبکہ اجلاس کے دوران بچوں کی صحت سے متعلق امور زیرِ غور آئے۔
اجلاس کے شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے وزیرِ صحت عبدالقادر پٹیل نے کہا کہ ہم حفاظتی ٹیکہ جات پروگرام کیلئے مؤثر اقدامات یقینی بنا رہے ہیں۔ ٹیکہ جات تک 100فیصد رسائی یقینی بنائیں گے۔
شرکائے اجلاس سے گفتگو کے دوران عبدالقادر پٹیل نے وفاقی حکومت کے شعبۂ صحت سے متعلق عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ بچوں کو بیماریوں سے بچانے کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لا رہے ہیں۔