کراچی: پاکستان تحریک انصاف کے سابق رہنماء ڈاکٹر عامر لیاقت حسین نے وزیر اعظم عمران خان کو ایک بار پھر چیلنج کردیا۔
عامر لیاقت حسین نے ٹویٹر پر جاری عمران خان کے نام اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ میں آپ کو بتانا چاہتا ہوں کہ آپ نے اراکین قومی اسمبلی کو غدار قرار دیدیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں آپ کو بتانا چاہتا ہوں کہ ہم میں سے کوئی بھی غدار نہیں ہے۔
#آئین_کا_غدار_عمران_خان
تم نے مجھ سے اکیلے میں کیا کہا یاد ہے کپتان!!! pic.twitter.com/d3jYiIdABa— Aamir Liaquat Husain (@AamirLiaquat) April 5, 2022
سابق پی ٹی آئی رہنماء نے کہا کہ مجھے تو دل کی تکلیف تھی، میں تو ووٹنگ کے عمل میں شرکت کیلئے قومی اسمبلی کے اجلاس میں شریک ہی نہیں ہو سکا لیکن اس کے باوجود آپ نے مجھ کو بھی غدار قرار دیدیا۔
عامر لیاقت نے اپنے ویڈیو بیان میں وزیر اعظم عمران خان کو غدار قرار دے دیا، انہوں نے کہا کہ میں کل تک تمہارے ساتھ تھا لیکن اب میں تمہارے خلاف ووٹ دوں گا۔ میں آج ان کیساتھ کھڑا ہوں جو لوگ غدار نہیں ہیں۔
عامر لیاقت نے کہا کہ میں تمہاری طرح نہیں ہوں جو جعلی خط لہرا لہرا کر جھوٹے الزام عائد کرتا ہے۔ یہ خط جعلی ہے جو امریکا میں تعینات سفیر اسد سے لکھوایا گیا۔ اس سازش میں شاہ محمود قریشی بھی شریک تھے۔
انہوں نے کہا کہ میں اس بات کا گواہ ہوں کہ تم نے مجھے بلا کر یہ بات کی تھی اور کہا تھا کہ میں آرمی چیف کو ہٹانے والا ہوں۔انہوں نے الزام عائد کیا کہ عمران خان تم نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کو عہدے سے ہٹانے کوشش کی۔
مزید پڑھیں: عمران خان نے پاکستان کے آئین کو آگ لگائی ہے، بلاول بھٹو