بالی ووڈ کے معروف اداکار اور فلم ساز عامر خان نے نہ صرف اپنی اداکاری بلکہ اپنی دور اندیشی سے بھی بھارتی سینما پر گہرا اثر ڈالا ہے، ان کا فلمی سفر محض اسکرین تک محدود نہیں بلکہ بھارتی فلم انڈسٹری کو ایک نئی جہت دینے میں بھی اہم کردار ادا کیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق عامر خان اپنے کام کے انتخاب میں بے حد محتاط رہتے ہیں۔ ان کی ہر فلم ایک منفرد اور گیم چینجر ثابت ہوتی ہے۔ وہ نہ صرف ایک بہترین اداکار ہیں بلکہ پروڈکشن کے ہر پہلو میں بھی گہری دلچسپی رکھتے ہیں، جس سے ان کی فلمیں اعلیٰ معیار کی ضمانت بنتی ہیں۔
فلم رنگ دے بسنتی کے ہدایت کار راکیش اوم پرکاش مہرا نے عامر خان کی محنت اور لگن کو سراہتے ہوئے کہا کہ میں نے بہت سے اداکاروں کے ساتھ کام کیا ہے لیکن عامر بالکل مختلف انداز میں کام کرتے ہیں۔
وہ ہمیشہ فلم کو اپنی ذات سے زیادہ اہمیت دیتے ہیں۔ وہ ہدایت کار پر مکمل اعتماد کرتے ہیں اور ہر سین میں اپنی پوری توانائی صرف کر دیتے ہیں۔
اوم پرکاش مہرا نے مزید کہا کہ عامر کی صلاحیتیں بےحد وسیع ہیں کہ وہ ایک سمندر کی مانند ہیں، اب یہ آپ پر ہے کہ آپ کتنی گہرائی میں جا کر ان کی صلاحیتوں کے موتی تلاش کرتے ہیں۔”
اداکارہ مونا سنگھ، جو عامر خان کے ساتھ تھری ایڈیٹس اور لال سنگھ چڈھا میں کام کر چکی ہیں، ان کا کہنا ہے کہ عامر خان ہر چیز میں مکمل طور پر شامل ہوتے ہیں۔
وہ صرف اداکار ہی نہیں بلکہ روشنی، کیمرے کے زاویے اور ہر تکنیکی پہلو پر بھی نظر رکھتے ہیں۔ ان کا کام میں 200 فیصد کمٹمنٹ ہوتا ہے۔
عامر خان کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ وہ دیگر اداکاروں کے برعکس کم فلمیں کرنے کو ترجیح دیتے ہیں، مگر ہر فلم ایک شاہکار ہوتی ہے۔
راکیش مہرا کے مطابق زیادہ فلمیں کرنے سے کسی بھی اداکار کا اثر کم ہو سکتا ہے لیکن عامر خان ہمیشہ کم مگر معیاری کام پر یقین رکھتے ہیں۔
عامر خان کی فلم گجنی وہ پہلی بھارتی فلم تھی جس نے 100 کروڑ روپے کا بزنس کیا تھا۔
راکیش مہرا کا کہنا تھا کہ عامر ہمیشہ معیار کو ترجیح دیتے ہیں اور کامیابی خود ان کے قدم چومتی ہے۔ ان کے لیے اہم یہ نہیں کہ وہ کتنی فلمیں کرتے ہیں بلکہ یہ ہے کہ ان کا کام ناظرین پر کتنا اثر چھوڑتا ہے۔