مجلس وحدت مسلمین ضلع ملیر کے زیراہتمام مرکزی امام بارگاہ جعفر طیار سوسائٹی میں منعقدہ سہ روزہ مجالس بسلسلہ شہادت شہزادی کونین فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا سے خطاب کرتے ہوئے علامہ سید محمد علی نقوی نے کہا ہے کہ جن کی تعظیم میں پوری کائنات کھڑی ہوجائے انہیں محمد مصطفیٰ ۖ کہتے ہیں اور جس ہستی کی تعظیم میں خود محمد مصطفیٰ ۖ کھڑے ہوجائیں انہیں فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جناب فاطمہ سلام اللہ علیہا کو پنجتن پاک میں کلیدی حیثیت حاصل ہے، وہ اللہ کے نبی کی بیٹی، ولی اور شیرخدا کی زوجہ اور سیدین شباب اہل جنت کی والدہ ہیں، مخدومہ کونین نے ہر رشتے میں اپنے نمونہ عمل کو مثالی بنایا، بندگی میں یہ اعزاز پایا کہ اللہ رب العزت نے ہر نماز کے دعائوں کی مستجابی کے لئے تسبیح زہرا سلام اللہ علیہا کو مجرب وسیلہ قرار دیا۔
یہ بھی پڑھیں:
حکمت و دانش: خلیفہ منصور، ملکہ زبیدہ اور بہلول دانا
ان کا کہنا تھا کہ بیٹی کے روپ میں آپ سلام اللہ علیہا نے ام ابیہا کا اعزاز حاصل کیا اور اسے نبھاتے ہوئے والد گرامی کے وصول کے بعد صرف تین ماہ بقید حیات رہیں، زوجہ کے طور پر حضرت علی (ع) کے حق کے تحفظ کی اعانت میں اپنی جان جان آفرین کے سپرد کردی، اولاد کی پرورش ایسے کی کہ دونوں شہزادے جنت کے جوانوں کے سردار قرار پائے اور اللہ دین کی بالادستی کے لئے اپنے تن من دھن کو قربان کردیا۔