شارع فیصل پر کراچی پولیس ہیڈ آفس پر دہشت گردوں نے حملہ کردیا، پولیس آفس کی چھت پر دہشتگرد نےخود کو اڑا لیا، اب تک 3 دہشت گرد ہلاک ہوچکے ہیں۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ کراچی پولیس آفس میں کمانڈوز کا دہشت گردوں کے خلاف آپریشن جاری ہے، پولیس آفس میں ایک اور زور دار دھماکا ہوا ہے، جس سے عمارت کا کچھ حصہ گر گیا اور شیشے ٹوٹ گئے ہیں۔
دہشت گرد حملے میں پولیس اہلکار سمیت 2 افراد شہید ہوگئے، شہید ہونے والوں میں ایک پولیس اہلکار اور سوئپر شامل تھا۔
یہ بھی پڑھیں:
صدر، وزیر اعظم، وزیر خارجہ کی کراچی حملے کی شدید مذمت
ذرائع کا کہنا ہے کہ حملہ شام 7 بجکر 10 منٹ پر کیا گیا، کراچی پولیس آفس میں 8 سے 10 حملہ آوروں کی موجودگی کی اطلاعات ہیں، پولیس آفس کے قریب شدید فائرنگ اور دھماکے بھی سنے گئے ہیں، ہیڈکوارٹرز کی لائٹس اور دروازے بند کردیے گئے ہیں۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ عمارت کا چوتھا فلور کلیئر کر دیا گیا، ڈی آئی جی ایسٹ آپریشن کی سربراہی کر رہے ہیں، کراچی پولیس آفس کے تمام دروازے بند کر دیے گئے۔
حملہ آور دو گاڑیوں میں کراچی پولیس آفس پہنچے، دونوں گاڑیوں کو بم ڈسپوزل اسکواڈ کا عملہ چیک کر رہا ہے، ایک گاڑی عمارت کے عقب، دوسری سامنے کھڑی ملی ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ حملہ آوروں نے چھت پر پہنچ کر پوزیشن لے لیں، چھت پر جانے کا واحد راستہ سیڑھیوں سے ہونے کی وجہ سے آپریشن میں مشکلات ہیں۔