جامعہ کراچی کے وائس چانسلرکی تعیناتی کیلئے سرچ کمیٹی قائم

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

جامعہ کراچی اسسٹنٹ رجسٹرار بعض کمپیوٹر آپریٹرز کی ترقی میں رکاوٹ بن گئے
جامعہ کراچی اسسٹنٹ رجسٹرار بعض کمپیوٹر آپریٹرز کی ترقی میں رکاوٹ بن گئے

کراچی: جامعہ کراچی کے وائس چانسلر کی تقرری کیلئے سرچ کمیٹی کا نوٹیفکیشن آج جاری کردیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے سمری منظوری کے بعد واپس بورڈ اینڈ جامعات ڈپارٹمنٹ کو بھیج دی ہے، جس میں سابق وی سی جامعہ کراچی پروفیسر پیرزادہ قاسم رضا صدیقی اور سابق سیکریٹری انوار حیدر کا نام شامل کیا گیا ہے۔

محکمہ بورڈز و جامعات سندھ نے سندھ ہائی کورٹ کے حکم کے بعد جامعہ کراچی میں مستقل وائس چانسلر تعینات کرنے کے سلسلے میں تلاش کمیٹی کی سمری وزیر اعلیٰ سندھ کوایک ہفتہ قبل ارسال کی تھی،جس میں چیئرمین سندھ ہائر ایجوکیشن کمیشن، سیکریٹری بورڈز و جامعات، سیکریٹری سندھ ہائر ایجوکیشن کمیشن اور سیکریٹری کالج ایجوکیشن کے علاوہ ماہر تعلیم اور بیوروکریٹ کا معاملہ وزیر اعلیٰ سندھ کی صوابدیدپر چھوڑ دیا گیا تھا۔

 وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضیٰ وہاب کی اسلام آباد روانگی سے قبل سمری منظور کرکے مزید دو نام شامل کرکے واپس بھیج دی گئی ہے جس میں چیئرمین سندھ ہائر ایجوکیشن کمیشن، سیکریٹری بورڈز و جامعات، سیکریٹری سندھ ہائر ایجوکیشن کمیشن اور سیکریٹری کالج ایجوکیشن کے علاوہ ماہر تعلیم میں سابق وائس چانسلر جامعہ کراچی ڈاکٹر پیرزادہ قاسم رضا صدیقی اور بیوروکریٹ میں سید انو ار حیدر کو شامل کیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ تلاش کمیٹی کے ایکٹ میں اراکین کی تعداد 6 ہے، جن میں چار بربنائے عہدہ اراکین اور دو ماہرین شامل ہیں تاہم عدالت عالیہ کے احکامات کی روشنی میں جامعہ کراچی کی تلاش کمیٹی 5 رکنی رکھی گئی ہے اور دو کے بجائے ایک ماہر (سینئر پروفیسر) رکھا گیا ہے تاہم اب سینئر پروفیسر اور ایک ریٹائرڈ بیوروکریٹ کو رکھ کر 6 نام مکمل کیئے گئے ہیں۔

تلاش کمیٹی قائم ہوتے ہی چیئرمین کمیٹی و اراکین تمام امیدواروں کے تحقیقی پرچے تصدیق کے لئے وفاقی ہائرایجوکیشن کمیشن بھیجیں گے اور جس امیدوار کے ایچ ای سی کے منظور کردہ جرائد میں تحقیقی پرچوں کی تعداد 25 یا اس سے زائد ہوگی اور وہ مطلوبہ قابلیت پر پورا اترتا ہوگا، اسے انٹرویو کے لیے بلایا جائے گا جس کے بعد تین ناموں کا انتخاب کرکے اس وزیر اعلیٰ سندھ کے پاس بھیجا جائے گا، وزیر اعلیٰ سندھ ٹاپ تین امیدواروں کا انٹرویو کر کے کسی ایک کو چار برس کے لیے جامعہ کراچی کا وائس چانسلر مقرر کردیں گے۔

ذرائع کا دعویٰ ہے کہ اس سرچ کمیٹی میں ڈاکٹر عاصم حسین کی جانب سے ڈاکٹر قاسم رضا صدیقی کو شامل کرنے کی سفارش کی گئی ہے، واضح رہے کہ سابق وائس چانسلر ڈاکٹر قاسم رضا صدیقی کو شامل کرنے سے ایک بار پھر مفادات کا ٹکراؤ ہو گا۔

 اصل محرک سابق ڈین سوشل سائنسز ڈاکٹر احمد قادری کا کہنا ہے کہ ہماری آئینی درخواست نمبر1780/2021 کے بعد سابق سرچ کمیٹی ختم ہوئی،جس کے بعد اب اگر دوبارہ ان کا نام آتا ہے تو اس صورت میں  توہین عدالت کی کارروائی کے لئے استدعا کی جائے گی، کیوں کہ ہم نے آئینی درخواست میں یہ موقف اختیار کیا تھا کہ سرچ کمیٹی میں ڈاکٹرپیرزادہ قاسم اورڈاکٹر قیصر کا نام ہونا مفادات کے ٹکراؤ کے مترادف ہے کیوں کہ ڈاکٹر قاسم رضا صدیقی کے بیٹے کو سابق وی سی خالد عراقی نواز رہے ہیں اس لئے باہر سے کسی ماہر تعلیم کو لیا جائے۔

مزید پڑھیں: جامعہ کراچی کی عبوری وائس چانسلر نے من پسند افراد پر نوازشات کی بارش کردی

اس حوالے سے سیکریٹری بورڈ اینڈ جامعات مرید راہموں سے رابطہ کیا گیا جنہوں نے اس بات کی تصدیق کی کہ سمری سی ایم ہاؤس سے آگئی ہے، البتہ نوٹیفکیشن آج جاری کیا جائے گا۔

Related Posts