لاہور میں تعویذ اور دم کرنے کے بہانے خواتین اور لڑکیوں کو ہراساں کرنے اور ان کی نازیبا ویڈیوز بنانے والے ڈھونگی پیر کو پولیس نے گرفتار کر لیا ہے۔
پولیس کے مطابق ملزم نصیر احمد پیری فقیری کا ڈھونگ رچا کر عورتوں اور لڑکیوں کو ہراساں کرتا تھا۔ متاثرین کے بیانات کے مطابق جعلی عامل تعویذ اور دم کرنے کے بہانے عورتوں کی نازیبا ویڈیوز بنا کر انہیں بلیک میل کرتا اور پیسے بٹورتا تھا۔
ملزم کے خلاف لاہور کے تھانہ مغل پورہ میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، جس کے بعد ڈھونگی شخص کو تفتیش کے لیے انویسٹی گیشن ونگ کے حوالے کردیا گیا۔
واضح رہے کہ کچھ عرصے سے پورے خطے سمیت پاکستان میں بھی خواتین، لڑکیوں اور بچوں کے ساتھ ہراسانی، جنسی تشدد اور زیادتیوں اور بعض واقعات میں قتل کے واقعات میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ گزشتہ روز جیکب آباد میں پولیو ورکر خاتون کے ساتھ جنسی زیادتی کا افسوسناک واقعہ رپورٹ ہوا ہے۔