کراچی: پاکستان ریلوے پولیس کی جانب سے سٹی تا کینٹ اسٹیشن تک فلیگ مارچ کیا گیا،موبائل، کاروں اور درجنوں موٹر سائیکلو ں پر مشتمل دستے نے ایس ایس پی ریلوے پولیس کراچی ڈویژن وارث کمال کی قیادت میں فلیگ مارچ میں حصہ لیا۔
فلیگ مارچ میں ریلوے پولیس کے افسران و جوانوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی،فلیگ مارچ ایس ایس پی آفس کراچی سٹی سے ریلوے اسٹیشن کراچی سٹی پہنچا جہاں پر شو آف فورس کرنے کے بعد کراچی کینٹ اسٹیشن کی جانب روانہ ہوا۔
کراچی کینٹ اسٹیشن پہنچ کر ریلوے اسٹیشن کراچی کینٹ کی حدود میں فلیگ مارچ اور شو آف فورس کیا گیا، اس موقع پر ریلوے پولیس کراچی ڈویژن کے ایس ایس پی نے میڈیا نمائندگان سے گفتگو کی۔
انہوں نے کہا کہ ریلوے اسٹیشنوں پر نفری کی تعداد بڑھا دی گئی ہے،مسافروں کی جان و مال کی حفاظت کے لئے کیو آر ایف فورس لگا دی گئی ہے۔
بغیر چیکنگ اسٹیشن کی حدود کے اندر کسی کو داخل نہیں ہونے دیا جارہا،مسافروں کے تحفظ کے لیے بھرپور انتظامات عمل میں لائے گئے ہیں، ریلوے پولیس کے جوان کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔