سوڈان ان دونوں دو متحارب فوجی قوتوں کے درمیان جاری لڑائی کی وجہ سے عالمی توجہ کا مرکز ہے۔ لڑائی کے جھنم زار میں جہاں ہر طرف نفسا نفسی کا عالم ہے وہاں خال خال لوگ ایسے بھی ہیں جن میں انسانی ہمدردی کا جذبہ موجود ہے۔
ایسے انسان دوست لوگوں میں ایک خاتون وکیل شیما بھی شامل ہیں جن کی اپنے مؤکلوں کے ساتھ دوستی اور ان کے کیسز کی فیسیں نہ لینے کے اعلان نے انہیں سوشل میڈیا کی ہیروئن بنا دیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:
عازمین حج کیلئے 289 کمپنیاں 30 ملین فوڈ پیکٹس تیار کریں گی
ایڈوکیٹ شیماء کی جانب سے سوڈان میں جنگ کی وجہ سے اپنے مؤکلوں کے تمام مالی واجبات معاف کرنے کے اعلان کے ساتھ ساتھ ان کی اچھی صحت اور وقار کے لیے نیک خواہشات کو سوشل میڈیا پر سراہا جا رہا ہے۔
وکیل شیماء نے کل پیر کو اپنے ذاتی فیس بک اکاؤنٹ پرایک پوسٹ میں لکھا کہ “میں شیماء تاج السر یہ اعلان کرتی ہوں کہ میری طرف سے میرے تمام مؤکل اپنے کیسز کی فیسوں کے حوالے سے مطمئن رہیں۔ میں ان کی فیس معاف کرتی ہوں اور میں ان کی صحت اور سلامتی کی دعا گو ہوں۔ جنگ کی وجہ سے میرے تمام کلائنٹس خاص طور پر وہ لوگ جو جنگ کی وجہ سے مجھ سے رابطہ نہیں کر پا رہے ہیں میں ان کے لیے بھی دعا گو ہوں۔ میں نہیں چاہتی کہ آپ میں سے کوئی بھی قرض کا بوجھ اٹھائیں”۔
شیما نے دل کو چھونے والے الفاظ میں مزید کہا کہ “میں سچ کہتی ہوں۔ یہ مجھے آپ کو یقین دلانے کے لیے کافی ہے کہ آپ ٹھیک ہیں، خطرے کی جگہوں سے دور ہیں۔ یہ میرے لیے کافی ہے کہ آپ نے اپنے کیسزکی پیروی کے لیے میرا انتخاب کیا۔ آپ نے مجھ پر بھروسہ کیا۔ مجھے امید ہے کہ ہم جلد ملیں گے‘‘۔
ایڈووکیٹ شیماء نے بتایا کہ سوشل میڈیا پر اس اعلان نے غیرمعمولی توجہ حاصل کی اور سوشل میڈیا پر میرے اقدام کو سراہا گیا ہے۔
شیماء نے امید ظاہر کی کہ ان کا یہ قدم دوسرے وکلاء کے لیے ایک پیغام اور ترغیب بنے گا اور اسے لوگوں کے مسائل کے حل میں مدد ملے گی۔