ممبئی:مقبول و معروف موسیقاراے آررحمان نے انکشاف کیا ہے کہ بالی ووڈ میں ایک بڑا گینگ ان کے خلاف کام کررہا ہے۔آسکرایوارڈ یافتہ اے آررحمان کے کمپوزکردہ گانے شہرت کی بلندیوں پرپہنچتے ہیں اور فلم ہدایتکار و پروڈیوسرز چاہتے ہیں کہ اے آررحمان ان کی فلموں کے گانے کمپوز کریں۔
ایک پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ بالی ووڈ میں کم کام اس لیے کررہے ہیں کیونکہ کچھ افواہوں اورغلط فہمیوں کی وجہ سے بالی ووڈ میں ایک بڑا گینگ ان کے خلاف کام کررہا ہے۔ یہ ہی وجہ ہے کہ بالی ووڈ میں کم اور تامل فلموں میں وہ زیادہ کام کررہے ہیں۔
اے آررحمان کا کہنا تھا کہ ایک فلم کے ہدایتکاران کے پاس آئے جنہیں انہوں نے 2 دن میں 4 گانے بنا کردیے، لیکن انہوں نے بتایا کہ بہت سے لوگوں نے اے آررحمان کے پاس جانے سے ہدایتکارکومنع کیا تھا جس کے بعد مجھے سمجھ آیا میرے خلاف بالی ووڈ میں ایک گینگ کام کررہا ہے۔
اے آررحمان نے کہا کہ مجھے اس کی بالکل پرواہ نہیں، نہ میں اس بارے میں سوچتا ہوں، صرف قسمت پر بھروستہ رکھتا ہوں، مجھے ملی ہوئی ہر چیز خدا کی طرف سے ایک تحفہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ مجھے جتنے ایوارڈ ملے ہیں وہ شاید ہی کسی اور موسیقار کو ملے ہوں، یاد رہے کہ اے آر رحمان کو بافٹا، گولڈن گلوب، سیٹیلائٹ اور کرٹکس چوائس ایوارڈزمل چکے ہیں جبکہ ملکی سطح پر انہیں چار نیشنل ایوارڈز اور سات فلم فیئر ایوارڈز ملے ہیں۔