کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال نے ناراض حکومتی اور اپوزیشن ارکان کے مطالبے پر مستعفی ہونے کا فیصلہ کرلیا، آج پریس کانفرنس میں اعلان متوقع ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال نے اسمبلی میں تحریک عدم اعتماد اور بڑھتے ہوئے دباؤ کی وجہ سے مستعفی ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔
جام کمال نے ناراض حکومتی اور اپوزیشن ارکان کے مطالبے پر استعفیٰ دینے کے حوالے سے مشاورت کے بعد آج دوپہر ڈھائی بجے پریس کانفرنس بلالی ہے جس میں وہ وزارت اعلیٰ چھوڑنے کا اعلان کرینگے۔
اقتدار اور لالچ کے بھوکے اپنا یہ شوق بھی پورا کرلیں. آنے والے جو بھی نقصانات اس صوبے کو اے اس کے ذمہ دار (ناراض گروپ )PDM, BAP, چند مافیا اور PTI اور BAP وفاقی چند سمجھدار اور ذمے دار لوگ ہونگے.
— Jam Kamal Khan (@jam_kamal) October 24, 2021
واضح رہے کہ اس سے قبل بلوچستان عوامی پارٹی (بی اے پی) کے ناراض اور اپوزیشن ارکان کی جانب سے عبد القدوس بزنجو کی رہائش گاہ پر اجلاس کا انعقاد کیا گیا، اجلاس میں ناراض اراکین نے اپنی اکثریت کو واضح کر دیا۔
عبد القدوس بزنجو کی رہائش گاہ پر ہونے والے اجلاس میں 36اراکین شریک ہوئے جبکہ عدم اعتماد کی تحریک کی کامیابی کے لیے 33ووٹ درکار ہیں۔
مزید پڑھیں:
جام کمال سے فوری مستعفی ہونے کا مطالبہ،ناراض اراکین نے اکثریت واضح کر دی
تحریک عدم اعتماد، جام کمال وزارت اعلیٰ بچانے کیلئے اسلام آباد پہنچ گئے