پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ سارہ خان اور فلک شبیر کے ہاں بیٹی پیدا ہوئی ہے جس پر سوشل میڈیا صارفین نے فنکار جوڑے کو مبارکباد پیش کی۔
فوٹو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹا گرام پر معروف گلوکار فلک شبیر نے اپنے مداحوں کوبیٹی کی پیدائش کی خوشخبری سناتے ہوئے ننھی پری کے نام کا بھی اعلان کردیا۔
گلوکار فلک شبیر نے بتایا کہ وہ اپنی بیٹی کا نام عالیانہ فلک رکھیں گے۔ انہوں نے اپنی بیٹی اور سارہ خان کے ہاتھوں کی تصویر شیئر کرتے ہوئے مداحوں سے دعاؤں کی اپیل بھی کی۔
قبل ازیں اداکارہ سارہ خان نے گلوکار اور نغمہ نگار فلک شبیر سے گزشتہ برس جولائی میں شادی کی۔ رواں برس جون میں سارہ خان نے اپنے ہاں ننھے مہمان کی آمد کی توقعات ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ہم دونوں کا پہلا بچہ جلد جنم لینے والا ہے۔
فلک شبیر کا اپنی حالیہ انسٹاگرام پوسٹ میں کہنا تھا کہ اللہ پاک نے ربیع الاول کے بابرکت مہینے کے دوران ہمیں اپنی رحمت سے نوازا ہے جس پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میں اپنی بیٹی کی پیدائش کا بتاتے ہوئے بہت خوشی محسوس کررہا ہوں جو ہم دونوں کی جان ہے۔ ہم اس کا نام عالیانہ فلک رکھیں گے۔ آپ سب کے پیار اور دعا کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔
یہ بھی پڑھیں: یاسر حسین اور واسع چوہدری کا ایک ساتھ کام کرنے سے انکار