اسلام آباد:وفاقی وزیر اطلاعا ت ونشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ وفاقی کابینہ نے ارکان پارلیمنٹ کی تنخواہوں میں اضافے کی سمری مسترد کردی ہے، 14 اگست کو ایف بی آر کی ویب سائٹ کی ہیکنگ کی تحقیقات مکمل کرلی گئی ہیں ، زیادہ تر ایف بی آر کا ڈیٹا محفوظ رہا ہے،حکومت ایک ڈیٹا پروٹیکشن کمپنی کی خدمات حاصل کر رہی ہے جو ایف بی آر کے ڈیٹا کی سیکیورٹی کو بہتر بنائیں گے۔
وزیر اعظم عمران خان کی سربراہی میں وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں 14 نکاتی ایجنڈا پر غور کیا گیا۔اجلاس کے دوران 20 ریگولیٹری اتھارٹیز کے چیئرمین اور ارکان کے معاوضوں پر رپورٹ پیش کی گئی، نئی رویت ہلال کمیٹی کیلئے قانون سازی، ہیوی کمرشل گاڑیوں پر ایڈیشنل کسٹم ڈیوٹیز میں کمی، پینل سرچارج کا خاتمے ، ایف بی آر ڈیٹا پر سائبر حملے کے تناظر میں آپریشنل ایمرجنسی کے نفاذ اور دیامر بھاشا ڈویلپمنٹ کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی تشکیل نو کی منظوری کا معاملہ بھی زیر غور آیا۔
وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے بتایاکہ کابینہ اجلاس کو وزات سائنس و ٹیکنالوجی نے بریفنگ دی،الیکٹرانک ووٹنگ مشین اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ووٹ کے حق سے متعلق پیش رفت پر بریفنگ دی گئی۔ انہوں نے کہاکہ ملک میں اگلے سال سے 5جی ٹیکنالوجی لانچ کر دی جائے گی۔
وفاقی وزیر نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان کا عزم ہے کہ ملک کے دور دراز علاقوں میں بھی مواصلات کا نظام رائج کیا جائے،ملک میں انصاف کے نظام کو بہتر کرنا وزیراعظم عمران خان کا وژن ہے۔ انہوں نے کہاکہ قائداعظم فاؤنڈیشن کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ وزیراعظم نے گندم کی خریداری میں تاخیر پر برہمی کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہاکہ 14 اگست کو ایف بی آر کی ویب سائٹ کی ہیکنگ کی تحقیقات مکمل کرلی گئی ہیں جس میں انکشاف ہوا ہے کہ زیادہ تر ایف بی آر کا ڈیٹا محفوظ رہا ہے،حکومت ایک ڈیٹا پروٹیکشن کمپنی کی خدمات حاصل کر رہی ہے جو ایف بی آر کے ڈیٹا کی سیکیورٹی کو بہتر بنائیں گے۔
انہوں نے بتایا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے وزیر امین الحق نے کابینہ کو بتایا ہے کہ رواں سال پاکستان کی ویب سائٹس پر دس لاکھ سائبر حملے ہوئے ہیں جبکہ اس سے قبل بین الاقوامی اخبار نے رپورٹ کیا تھا کہ بھارت نے اسرائیلی کمپنی کے ساتھ مل کر پاکستان کے اہم موبائل فونز کے واٹس ایپ اکاؤنٹ ہیک کرنے کی کوشش کی تھی۔
فواد چوہدری نے کہا کہ کابینہ نے پی ٹی اے کو ہدایت کی ہے کہ ملک میں ٹیلی کام سروس کو بہتر بنایا جائے۔فوجداری نظام میں اصلاحات کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ اس حوالے سے وزارت قانون کی جانب سے اجلاس میں تفصیلی بریفنگ دی گئی ہے جس میں بتایا گیا کہ کرمنل اصلاحات آئندہ دو سالوں میں بہت اہم حیثیت رکھیں گی۔انہوں نے کہاکہ ہماری حکومت کا کرمنل قوانین میں اصلاحات، موجودہ امور میں بہت بڑی تبدیلی لائے گا۔
انہوں نے کہا کہ اس میں ٹرائلز میں تاخیر، انصاف میں تاخیر، ایف آئی آر کے اندراج وغیرہ جیسے معاملات کا احاطہ کیا گیا ہے، اب یہ کابینہ کمیٹی برائے قانون میں اس پر بحث کیا جائے گا اور پھر اسے نافذ کردیا جائے گا۔اراکین پارلیمنٹ میں تنخواہوں میں اضافے کے حوالے سے تجویز پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ کابینہ نے چیئرمین سینیٹ، اسپیکر قومی اسمبلی، ڈپٹی چیئرمین سینیٹ، ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی اور ممبران پارلیمنٹ کی بنیادی تنخواہوں میں 10 فیصد ایڈ ہاک ریلیف الاؤنس کی تجویز مسترد کردی ہے،یہ اس سادگی مہم کا حصہ ہے جسے وزیر اعظم عمران خان نے حکومت میں آنے کے پہلے روز سے ہی نافذ کردیا تھا۔
مزید پڑھیں:حکومت آٹا، گھی، چینی اور دالوں پر کیش سبسڈی دیگی، شوکت ترین