اسلام آباد: جرمن وزیرِ خارجہ ہیکو ماس آج 2 روزہ دورے کیلئے پاکستان پہنچ رہے ہیں جس سے پاک جرمنی تعلقات کے نئے عہد کا آغاز ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان میں قیام کے دوران جرمن وزیرِ خارجہ اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کریں گے اور متنوع موضوعات پر گفتگو ہوگی۔ مخدوم شاہ محمود قریشی سے ملاقات کے دوران پاک جرمنی تعلقات سمیت دیگر اہم موضوعات پر تبادلۂ خیال کیا جائے گا۔
دفترِ خارجہ کے مطابق وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی جرمن ہم منصب سے ملاقات کے دوران افغانستان میں بدلتی ہوئی صورتحال پر پاکستان کے مؤقف سے آگاہ کریں گے اور مختلف مسائل کے حل کیلئے دوطرفہ لائحۂ عمل پر بھی گفتگو ہوگی۔
پاک جرمن وزرائے خارجہ کی ملاقات میں سیاسی، اقتصادی اور تجارتی دو طرفہ تعلقات، سیکیورٹی صورتحال اور دفاعی معاملات کے علاوہ ثقافتی اور تعلیمی معاملات پر بھی گفت و شنید ہوگی جبکہ دونوں ممالک کے مابین تعلقات دو طرفہ تعاون کی بنیاد پر مستحکم ہیں۔
رواں برس پاکستان اور جرمنی کے مابین سفارتی تعلقات قائم ہوئے 70 برس مکمل ہو گئے۔ حال ہی میں دونوں ممالک کے مابین اعلیٰ سطحی مذاکرات ہوئے جن کے دوران دو طرفہ تعلقات کی اہمیت اجاگر کی گئی جبکہ جرمن وزیرِ خارجہ کا رواں برس یہ دوسرا دورہ ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان اور چین کا میڈیا کی تعمیر و ترقی کیلئے مل کر کام کرنے پر اتفاق