اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان قوم کو پی ٹی آئی وفاقی حکومت کی 3 سالہ کارکردگی سے آج آگاہ کریں گے جس کیلئے خصوصی تقریب کی تیاریاں مکمل کر لی گئیں۔
تفصیلات کے مطابق عمران خان نے آج سے 3 سال قبل 18 اگست 2018 کو وزیر اعظم کا عہدہ سنبھالا جس کے بعد پی ٹی آئی حکومت کے 100دن کے پلان پر عملدرآمد شروع کیا گیا۔
پی ٹی آئی حکومت کے دور میں احساس پروگرام، کامیاب جوان پروگرام اور ڈیجیٹل پاکستان کے علاوہ بلین ٹری سونامی منصوبہ اہم اقدامات تصور کیے جاتے ہیں جن پر آگہی دی جائے گی۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں آج اس حوالے سے خصوصی تقریب کا اہتمام کیا گیا ہے جس میں پی ٹی آئی حکومت کی 3 سالہ کارکردگی اور اہم اقدامات کا احوال قوم کے سامنے رکھا جائے گا۔
وزیر اعظم عمران خان شہرِ اقتدار میں منعقد ہونے والی خصوصی تقریب سے خطاب کریں گے جبکہ حکومتی کارکردگی سے آگاہ کرنے کیلئے یہ خطاب عوامی مقامات پر دکھایا جائے گا۔
خیال رہے کہ وزیر اعظم عمران خان اتوار کے روز عوام سے براہِ راست بات چیت کریں گے جس کے دوران شہریوں کو درپیش مختلف مسائل پر احکامات متوقع ہیں۔
وزیر اعظم عمران خان نے اتوار کے روز ایک بار پھر عوام سے براہِ راست گفتگو کا فیصلہ کر لیا۔ عوام ٹیلیفون کے ذریعے آپ کا وزیر اعظم آپ کے ساتھ پروگرام میں بات کرسکیں گے۔
اتوار کے روز آپ کا وزیر اعظم آپ کے ساتھ پروگرام براہِ راست (لائیو) نشر کیا جائے گا جس میں وزیر اعظم عمران خان شہریوں کو درپیش مختلف مسائل پر گفتگو کریں گے اور عوام کی مشکلات کا تدارک کیا جائے گا۔
مزید پڑھیں: وزیر اعظم عمران خان اتوار کو عوام سے براہِ راست بات کریں گے