کراچی:پاکستان تحریک انصاف کراچی کے صدر اور رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان نے کراچی میں سر اٹھاتے نگلیریا کے مسائل اور اس سے ہونے والی اموات کے حوالے سے شکایتی خط بدھ کووزیر اعلیٰ ہاؤس سندھ میں جمع کروادیا۔اس موقع پر ان کے ہمراہ پارٹی کے دیگر رہنما بھی موجود تھے۔
اس موقع پرمیڈیا سے بات چیت میں انہوں نے کہاکہ بلاول زرداری اور وزیر اعلیٰ سندھ شہر کا دورہ کر رہے ہیں انہیں عوامی حقائق سے آگاہ کرنا ضروری ہے۔
بلاول بھٹو کو کراچی سے زیادہ پی ڈی ایم کی فکر ہے۔انہوں نے کہاکہ آج ہم بادشاہ سلامت کے گھر آئے ہیں، اس محل میں آج کل کافی سازشیں چل رہی ہیں۔
انہوں نے کہاکہ چند سال پہلے واٹر کمیشن قائم کیا گیا تھا،کمیشن نے بتایا تھا کہ 70 فیصد پانی پینے کے قابل نہیں ہے، اسپتالوں میں پانی سے متاثرہ مریضوں کا رش لگا ہوا ہے۔
پی ٹی آئی رہنمانے کہاکہ کراچی میں لوگ پینے کے پانی سے مر رہے ہیں، بلاول اور ان کے وزیروں کا پانی دبئی سے آتا ہے، تحریک انصاف کراچی کے پانی کو لیباریٹری میں ٹیسٹ کیلئے بھیجے گی۔
مزید پڑھیں: گرین لائن بسیں اکتوبر میں کراچی کی سڑکوں پر نظر آئیں گی،حلیم عادل شیخ